• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’حلیمہ سلطان‘ کی اردو میں کی گئی پوسٹ پر لوگوں کا طنز

شائع February 22, 2021
حلیمہ سلطان پشاور زلمی کی خیر سگالی سفیر ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
حلیمہ سلطان پشاور زلمی کی خیر سگالی سفیر ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی نے ترک اداکار اسرا بلگیچ المعروف ’حلیمہ سلطان‘ کو 19 فروری کو اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کرنے کی تصدیق کی تھی اور بعد ازاں وہ ٹیم کے گانے میں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے تو گزشتہ برس ہی عندیہ دیا تھا کہ اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا سفیر بنایا جائے گا اور انہیں ٹیم کا سفیر بنائے جانے پر کرکٹ و شوبز شائقین نے خوشی کا اظہار بھی کیا ہے۔

پشاور زلمی کا حصہ بننے کے بعد اسرا بلگیچ نے 21 فروری کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں اردو میں پی ایس ایل ٹیم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر فخر کیا کہ وہ بھی کرکٹ ٹیم کی فیملی کا حصہ ہیں۔

اسرا بلگیچ نے انگریزی اور اردو زبان میں جملہ لکھنے کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔

اداکارہ نے کروں گی کے بجائے کروں گا لفظ استعمال کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے کروں گی کے بجائے کروں گا لفظ استعمال کیا—اسکرین شاٹ

اسرا بلگیچ کی جانب سے پشاور زلمی کا حصہ بننے پر اردو میں پوسٹ کیے جانے پر جہاں ان کے شائقین خوش ہوئے، وہیں بعض افراد نے ان کی جانب سے جملے میں ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ لکھنے پر ان کی پوسٹ پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔

یہ بھی پڑھیں: 'حلیمہ سلطان' بھی پشاور زلمی کا حصہ بن گئیں

اسرا بلگیچ نے اردو میں جملہ لکھا کہ ’اب میں زلمی فیملی کا حصہ ہوں، مجھے فخر ہے کہ میں آپ کے ساتھ ٹیم کی حمایت کروں گا‘۔

بعض افراد نے ان کی جانب سے اردو لکھے جانے پر خوشی کا اظہار بھی کیا—اسکرین شاٹ
بعض افراد نے ان کی جانب سے اردو لکھے جانے پر خوشی کا اظہار بھی کیا—اسکرین شاٹ

اداکارہ کی جانب سے ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ لفظ لکھنے پر بعض افراد نے انہیں یاد دلایا کہ وہ ایک خاتون ہیں، اس لیے جملے میں ’کروں گی‘ آئے گا۔

ان کی پوسٹ پر بعض افراد نے مذاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’حلیمہ سلطان‘ کی جانب سے ’کروں گی‘ کے بجائے ‘کروں گا‘ لکھنے سے ہی وہ سمجھ گئے کہ وہ پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی۔

بعض افراد نے ان کی پوسٹ پر لکھا کہ ان کے لکھنے کے انداز سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی—اسکرین شاٹ
بعض افراد نے ان کی پوسٹ پر لکھا کہ ان کے لکھنے کے انداز سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی—اسکرین شاٹ

بعض افراد نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کیے کہ جب کوئی شخص گوگل سے ٹرانسلیٹ کرے گا تو ایسا ہی ہوگا۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی کے گانے میں حلیمہ سلطان، ماہرہ خان اور ہانیہ عامر جلوہ گر

اسرا بلگیچ کی جانب سے ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ لکھنے پر ان کا مذاق اڑائے جانے پر بھی بعض لوگوں نے برہمی کا اظہار کیا اور ترک اداکارہ کا مذاق اڑانے والوں کو یاد دلایا کہ اسرا بلگیچ کی پہلی زبان اردو نہیں ہے، اس لیے ان کی جانب سے اردو لکھے جانے پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

بعض افراد نے ان کی پوسٹ پر لکھا کہ ویسے بھی پشاور سے تعلق رکھنے والے لوگ ایسے ہی لکھتے ہیں اور ان کے جملے سے ثابت ہوتا کہ وہ پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گی۔

اسرا بلگیچ نے اگرچہ ٹوئٹر پر کی جانے والی پوسٹ میں ’کروں گی‘ کے بجائے ’کروں گا‘ لکھا تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر اسی پوسٹ کو درست انداز میں لکھا اور انسٹاگرام پر ماہرہ خان نے انہیں پشاور زلمی کا حصہ بننے پر مبارک باد بھی پیش کی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے ہوچکا ہے اور پشاور زلمی کے لیے اس بار جہاں اسرا بلگیچ سفیر کی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، وہیں ماہرہ خان اور ہانیہ عامر بھی مذکورہ ٹیم کی سفیر ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024