• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کرینہ اور سیف کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش

شائع February 21, 2021
بولی وڈ جوڑی کی جانب سے اب تک بچے کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں— فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا
بولی وڈ جوڑی کی جانب سے اب تک بچے کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں— فائل فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ کی مقبول اداکارہ کرینہ کپور اور چھوٹے نواب سیف علی خان ایک اور بیٹے کے والدین بن گئے۔

دونوں کے ہاں آج (21 فروری کو) صبح ساڑھے 8 بجے بیٹے کی پیدائش ہوئی اور تیمور علی خان بڑے بھائی بن گئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرینہ کپور گزشتہ روز شام ساڑھے 5 بجے کے قریب برج کینڈی ہسپتال میں داخل ہوئی تھیں جہاں ان کے بیٹے کی پیدائش ہوئی۔

بولی وڈ جوڑی کی جانب سے اب تک بچے کی تصاویر جاری نہیں کی گئیں اور نہ ہی انہوں نے بیٹے کی پیدائش کی تصدیق کی ہے۔

مزید پڑھیں: کرینہ اور سیف کے گھر بیٹے کی پیدائش

کرینہ کپور کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش کی تصدیق ان کے والد رندھیر کپور نے کی۔

دی کوئنٹ کی رپورٹ کے مطابق رندھیر کپور نے بتایا کہ کرینہ کپور نے آج صبح بیٹے کو جنم دیا۔

رندھیر کپور نے کہا کہ 'ہم بہت زیادہ خوش ہیں، ماں اور بچہ دونوں ٹھیک ہیں اور ہم برج کینڈی ہسپتال میں ہیں'۔

گزشتہ برس اگست میں کرینہ کپور کے اُمید سے ہونے کی خبریں پھیلی تھیں جب وہ بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔

بعدازاں 12 اگست 2020 کو کرینہ کپور اور سیف علی خان نے میڈیا کو جاری مختصر بیان میں تصدیق کی تھی کہ تیمور خان بڑے بھائی بننے والے ہیں۔

اداکار جوڑے نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

دوسرے بچے کی آمد سے قبل سیف علی خان اور کرینہ ایک بڑے گھر میں منتقل ہوگئے تھے جہاں لائبریری، خوبصورت ٹیرس، سوئمنگ، نئے بچے کے لیے خصوصی نرسری جبکہ تیمور علی خان کے لیے اپنی ایک جگہ موجود ہے۔

خیال رہے کہ بولی وڈ جوڑی کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش سے قبل ایک نجومی جگن ناتھ گرو جی نے پیش گوئی کی تھی کہ کرینہ کپور کے گھر ننھی پری کی آمد ہوگی۔

حمل کے دوران کرینہ کپور کافی زیادہ فعال رہی ہیں، انہوں نے عامر خان کے ساتھ آنے والی فلم 'لال سنگھ چڈھا' میں اپنے حصے کی شوٹنگ بھی دہلی میں مکمل کروالی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سیف اور کرینہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے

لاک ڈاؤن کے دوران کرینہ کپور نے کئی کمرشلز کی شوٹنگ بھی کی اور اس سلسلے میں کئی بار اپنے گھر کو سیٹس میں بھی تبدیل کیا۔

بعدازاں کرینہ کپور نے اپنے کام سے چھٹی لے لی تھی جبکہ سیف علی خان اپنی آنے والی فلم 'فون بھوت' کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

اس کے علاوہ کرینہ کپور، کرن جوہر کی فلم 'تخت' میں بھی دکھائی دیں گی جبکہ سیف علی خان 'آدھی پرش'، 'بھوت پولیس' اور 'بنٹی اور ببلی 2' میں نظر آئیں گے۔

خیال رہے کہ سیف علی خان نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 20 دسمبر 2016 کو پہلے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024