• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم عمران خان 23 فروری سے سری لنکا کا دورہ کریں گے

شائع February 20, 2021
وزیراعظم کا دورہ 2 روزہ ہوگا—فائل فوٹو: عمران خان انسٹاگرام
وزیراعظم کا دورہ 2 روزہ ہوگا—فائل فوٹو: عمران خان انسٹاگرام

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے 2 روزہ دورہ سری لنکا کا اعلان کردیا جو سری لنکن پارلیمنٹ میں طے شدہ تقریر کی منسوخی پر تنازع کا شکار ہوگیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ عمران خان سری لنکن وزیراعظم مہیندا راجاپاکسا کی دعوت پر 23 سے 24 فروری تک سری لنکا کا دورہ کریں گے، ان کے اس دورے میں کچھ وفاقی وزرا اور سینئر حکام ہمراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ سری لنکا ہوگا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا سری لنکن پارلیمنٹ سے طے شدہ خطاب منسوخ

وزیراعظم کے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دورے میں سری لنکا کے صدر گوٹابایا راجاپاکسا اور وزیراعظم مہیندا راجاپاکسا سے ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری، صحت اور تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع اور سیکیورٹی، ثقافت اور سیاحت کے معاملات پر دوطرفہ تبادلہ خیال ہوگا جبکہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔

بیان کے مطابق ’دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو مزید بڑھانے کے لیے سری لنکا- پاکستان دوستی ایسوسی ایشن کا اعلان کیا جائے گا‘۔

اس کے علاوہ عمران خان ایک مشترکہ تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے، مزید یہ کہ دورے کے دوران دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے جائیں گے۔

تاہم بیان میں سری لنکن پارلیمنٹ سے تقریر کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔

سری لنکن حکومت نے مذکورہ ایونٹ کو منسوخ کرتے ہوئے باضابطہ طور پر کہا تھا کہ کووڈ 19 کی وبا کی وجا سے ایسا کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سری لنکا سے 41 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے

تاہم سفارتی ذرائع اور سری لنکن میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ ان تحفظات پر کیا گیا کہ عمران خان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق بول سکتے ہیں جو نئی دہلی کے ساتھ کولومبو کے پہلے سے کشیدہ تعلقات کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہے۔

ایک اور قیاس آرائی یہ ہے کہ سری لنکن حکومت کو یہ فکر ہے کہ عمران خان اپنی تقریر میں سری لنکن مسلمانوں کی حالت زار کا حوالہ دے سکتے ہیں جو بدھ مت کے اکثریتی ملک میں بدسکولیوں اور امتیاری رویوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا تھا کہ ’کووڈ 19 سے متعلق صحت اور حفاظتی پروٹوکولز‘ کے مطابق دورے کی چیزوں کو طے کیا جائے گا۔


یہ خبر 20 فروری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024