• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

ملک میں مزید ایک ہزار 245 افراد کورونا سے متاثر، 39 انتقال کرگئے

شائع February 19, 2021
ملک میں صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 31 ہزار 840 ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 31 ہزار 840 ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی وبا کورونا وائرس سے لوگوں کے متاثر ہونے اور اموات کا سلسلہ جاری ہے ساتھ ہی اس بیماری سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جارہی ہے۔

کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 245 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 39 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 68 ہزار 506 ہوگئی جبکہ اموات 12 ہزار 527 تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب مزید ایک ہزار 243 مریض اس وبا سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے صحتیاب ہوئے، یوں ملک میں فعال کیسز کی تعداد 24 ہزار 139 رہ گئی جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 31 ہزار 840 ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں عائد کردی گئی تھیں۔

تاہم اپریل سے ہی پابندیوں میں نرمی کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو مئی میں رمضان اور عید کے موقع پر بہت زیادہ نرم ہوگئی تھیں جس کے نتیجے میں جون کے دوران پاکستان نے وبا کا عروج دیکھا جس میں یومیہ کیسز 6 ہزار سے تجاوز کر گئے تھے۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

2020 کے آخری مہینے دسمبر میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ نئے سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی تاہم رواں ماہ کے دوران بھی یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز ہزار سے زائد ہیں اور اموات کی تعداد بھی درجنوں میں ہے۔

اگر آج 19 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 361 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 39 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 4 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 267 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 526 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 242 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 28 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 166 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 187 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 70 ہزار 493 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2020 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 967 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 199 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 116 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار 401 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا میں مبتلا ایک مریض کا انتقال ہوا یوں مجموعی اموات 488 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 44 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 673 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد مجموعی اموات 285 ہوگئیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیس سامنے آئے اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 947 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 243 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 31 ہزار 840 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 568506

صحتیاب: 531840

اموات: 12527

فعال کیسز: 24139

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 55 ہزار 39 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 242 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 70 ہزار 493 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 967 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 43 ہزار 145، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 673 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 947 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4267

پنجاب: 5166

خیبرپختونخوا: 2020

بلوچستان: 199

اسلام آباد: 488

آزاد کشمیر: 285

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024