• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ایسٹرازینیکا کی 28 لاکھ خوراکیں 2 مارچ سے دستیاب ہوں گی، ڈاکٹر فیصل

شائع February 18, 2021 اپ ڈیٹ February 19, 2021
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ طریقہ کار میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ طریقہ کار میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ویکسینیشن کے اگلے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی جس کے لیے ایسٹر زینیکا آکسفورڈ کی 28 لاکھ خوراکیں مارچ کے اوائل میں دستیاب ہوں گی۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں ویکسین دستیاب ہے اور اس کا آغاز طبی عملے سے کیا جا چکا ہے، اب آپ سے گزارش ہے کہ پہلی فرصت میں ویکسین لگوائیں۔

مزید پڑھیں: 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے سائنو فارم ویکسین کی تجویز نہیں، ڈاکٹر فیصل

انہوں نے کہا کہ 52 ہزار سے زائد طبی عملے کو پہلی خوراک لگ چکی ہے اور ہمارے لیے طبی عملہ رول ماڈل کے طور پر رہے ہیں، ان کا ویکیسن لگانا اس بات کی عکاسی ہے کہ وہ اس ویکسین کی افادیت پر کتنا یقین رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے نظام تھوڑی تبدیلی کی، شروع میں پہلے سے رجسٹرڈ عملے کی فہرست کے مطابق ان کی باری آتی تھی پھر اس عمل کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کے لیےایک تبدیلی کی۔

'فرنٹ لائن طبی عملہ خود رجسٹریشن کرواسکتا ہے'

ویکسین کے عمل میں تبدیلی سے متعلق انہوں نے کہا کہ 'اگر فرنٹ لائن ورکر ہیں اور عمر 60 سال سے کم ہے تو صرف اپنا شناختی نمبر 1166 پر بھیج دیں اور قریبی ویکسینیشن سینٹر پر جائیں، جہاں ویکسینیشن ممکن بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ 65 سال سے زائد عمر کے لوگوں سے شروع کیا جائے گا، 15 فروری سے اگلے مرحلے کے رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا اور اس کا طریقہ بھی یہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ اس کا آغاز مارچ کے شروع سے ہوگا اور اس سے متعلق مزید معلومات این سی او سی اور وفاقی وزارت صحت کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ پاکستان میں کورونا سے ہونے والی تقریباً 15 ہزار 500 اموات میں اس عمر کے افراد کی تعداد زیادہ تھی جو ہمارے پیارے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 52 اموات، مجموعی تعداد 12 ہزار 488 ہوگئی

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ اگر آپ کی عمر 65 سال سے زائد ہے تو اس عمل میں خود کو رجسٹر کریں اور اپنے پیاروں کو بھی رجسٹر کریں۔

'60 سال سے زائد عمر کے شہروں کیلئے ایسٹرازینیکا ویکیسن استعمال ہوگی'

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت طبی عملے پر استعمال ہونے والی ویکسین چین سے آنے والے سائنوفارم ہے اورہم نے تجویز نہیں دی کہ 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں استعمال کی جائے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ویکسین محفوظ یا مؤثر نہیں ہے۔

گزشتہ اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو استعمال نہ کرنے کی وجہ یہ تھی کہ جب کسی ویکسین یا دوا کا ٹرائل کیا جاتا ہے تو اس کی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد استعمال کےحوالے سے فیصلہ کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ٹرائل ہوا تھا تو اس میں 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد اتنی نہیں تھی اس پر مناسب اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے، اس لیے ہمارے قومی ماہرین نے فی الحال اضافی دستاویزات آنے تک 60 سال تک محدود رکھا جائے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین ایسٹر زینیکا آکسفورڈ سے آئے گی اور ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں جون سے پہلے ہمیں دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاع کے مطابق 2 مارچ کے لگ بھگ ایسٹرا زینیکا کی 28 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی، اس کا مطلب ہے کہ ہم ویکسینیشن کا اگلا مرحلہ شروع کر سکیں گے۔

مزید پڑھیں: این سی او سی کی تمام ہیلتھ ورکرز کو ویکسینیشن کیلئے رجسٹریشن کروانے کی ہدایت

ان کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور برطانیہ سمیت 34 ممالک میں ابھی اس کا استعمال ہو رہا ہے اور اس کی منظوری عالمی ادارہ صحت نے دی ہے۔

'22 فروری سے عمومی طبی عملے کی رجسٹریشن شروع ہوگی'

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عمومی طبی عملے کو بھی 22 فروری سے رجسٹریشن کا عمل شروع کر رہے ہیں، اس میں ڈاکٹر، ڈینٹسٹ، نرسز اور فارماسسٹ اور دیگر عملے کو آسان ویب سائٹ میں آسان طریقے سے رجسٹر کرواسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمومی طبی عملے کے بعد اگلا مرحلہ 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں پر مشتمل ہوگا اور یہ عمل بتدریج ہے اور اس کے اگلے مراحل سامنے آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر دو چیزیں ایک ساتھ چل رہی ہیں، جو رجسٹرڈ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکر ہیں ان کو انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اپنا شناختی نمبر رجسٹر کرواکر خود سے یہ عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ شہریوں سے پھر کہوں گا کہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد 1166 کو اپنا شناختی نمبر بھیج کر ویکسین کے لیے خود رجسٹر کروائیں اوریہ دوسرا کام اس وقت چل رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024