• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کی انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی فتح، سیریز برابر

شائع February 16, 2021 اپ ڈیٹ February 17, 2021
روی چندرن ایشون کو سنچری اور 8 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی
روی چندرن ایشون کو سنچری اور 8 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی

بھارت نے روہت شرما اور روی چندرن ایشون کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی 317 رنز کی فتح حاصل کرلی۔

چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں: 'ناقص وکٹ' پر فتح، بھارت کو چمپیئن شپ پوائنٹس سے محرومی کا خطرہ

میزبان ٹیم نے روہت شرما کی 161 رنز کی اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 329 رنز بنائے، اجنکیا راہانے اور ریشابھ پنت نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ کپتان ویرات کوہلی سمیت 4 کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے چار اور اولی اسٹون نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ لائن بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور بمشکل فالو آن سے بچتے ہوئے پوری ٹیم 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بین فوکس 42 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے پانچ جبکہ اکشر پٹیل اور ایشانت شرما نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں ایشون نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جبکہ ویرات کوہلی نے 62 رنز بنائے جس سے تقویت پاتے ہوئے بھارتی ٹیم نے 286 رنز بنائے اور انگلینڈ کو میچ میں فتح کے لیے 482رنز کا ہدف دیا۔

یہ بھی پڑھیں: راحت فتح علی کی آواز میں کشمیر پریمیئر لیگ کا ترانہ 'آزادی' ریلیز

پہلی اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے معین نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا اور جیک لیچ نے بھی 4 وکٹیں لیں۔

دوسری اننگز میں بھی انگلش بیٹنگ لائن ناکام رہی اور پوری ٹیم 164 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور بھارت نے میچ میں 317 سے کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت کی جانب سے پہلا میچ کھیلنے والے اکشر پٹیل نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لیں جبکہ ایشون نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ایشون کو سنچری اور 8 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھارت کی رنز کے اعتبار سے انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی فتح ہے۔

اس سے قبل بھارت نے انگلینڈ کے خلاف سب سے بڑی فتح 1986 میں حاصل کی تھی جب لیڈز کے مقام پر اس نے میزبان ٹیم کو 279 رنز سے مات دی تھی۔

اس فتح کی بدولت بھارت نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024