• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پاکستان سپر لیگ کے مداحوں کیلئے کرکٹر بلال آصف نے نیا ترانہ ریلیز کردیا

شائع February 15, 2021
ویڈیو لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اور اندرون شہر کی گلیوں میں بنائی گئی ہے— فوٹو: اسکرین شاٹ
ویڈیو لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اور اندرون شہر کی گلیوں میں بنائی گئی ہے— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کا آغاز چند روز بعد 20 فروری سے ہورہا ہے جس کا شائقینِ کرکٹ کو بے صبری سے انتظار ہے۔

یوں تو پی ایس ایل شروع ہونے سے قبل ہی کرکٹ کے دیوانوں میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن کے آغاز سے پہلے اس کا آفیشل ترانہ بھی ریلیز کیا جاتا ہے۔

پی ایس ایل 6 کا آفیشل ترانہ 'گروو میرا' 6 فروری کو ریلیز کیا گیا تھا جس پر ابتدائی طور پر تو ٹوئٹر صارفین نے شدید تنقید کی تھی لیکن بعد میں شوبز شخصیات کی جانب سے اس ترانے پر پسندیدگی کا اظہار کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: کا آفیشل گیت ’گروو میرا‘ریلیز

آفیشل ترانہ 'گروو میرا' گلوکارہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ بینڈ ینگ اسٹنرز نے گایا ہے۔

اور اب کرکٹ کے دیوانوں کے لیے پاکستانی کرکٹر بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کا نیا ترانہ 'یہ ہے پی ایس ایل' ریلیز کردیا۔

15 فروری کو جاری کیے گئے اس ترانے سے متعلق بلال آصف نے لکھا ہے کہ یہ گانا پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

یوٹیوب پر ریلیز کیے گئے ترانے 'یہ ہے پی ایس ایل' کے بول کرکٹر بلال آصف نے لکھے ہیں، اسے گایا بھی انہوں نے ہے اور ویڈیو میں وہ خود بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6 کے گانے کو سن کر کرکٹ اور میوزک مداح برہم

پی ایس ایل کے اس ترانے کی ویڈیو لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اور اندرون شہر کی گلیوں میں بنائی گئی ہے۔

'یہ ہے پی ایس ایل' میں پاکستان سپر لیگ کو ملک کی شان قرار دیتے ہوئے تمام 6 ٹیموں کراچی کنگر، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

کرکٹر بلال آصف کے پی ایس ایل ترانے کو صارفین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے اور اس پر تبصرے بھی کیے گئے ہیں۔

عبیدالرحمٰن نامی صارف نے لکھا کہ قومی ٹورنامنٹ کے لیے ایسا گانا ہونا چاہیے جس میں تمام ٹیموں کا تعارف قومی زبان اردو میں دیا جائے۔

کرکٹر یاسر ملک نے گانے کی تعریف کی اور کہا کہ بلال آصف کے پاس دوسرا پروفیشن بھی ہے۔

رانا فرحان نامی صارف کے مطابق اس گانے کو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہونا چاہیے۔

بی ڈی زکریا نامی ٹوئٹر ہینڈل نے اس گانے کو پی ایس ایل کے آفیشل ترانے سے بہتر قرار دے دیا۔

خیال رہے کہ کرکٹر بلا ل آصف نے 26 سال کی عمر میں 2011 میں اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا تھا اور اکتوبر 2015 میں انہوں نے زمبابوے کے خلاف او ڈی آئی ڈیبیو کیا تھا۔

وہ ڈیبیو میں سب سے زیادہ 114 رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں جو انہوں نے ٹی 20 میچ کے دوران بنایا تھا۔

علاوہ ازیں بلال آصف نے 'یہ ہے پی ایس ایل' سے قبل گزشتہ برس 2020 میں پنجابی گانا 'اکھیاں' بھی گایا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024