• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

برٹنی اسپیئرز کی ’سرپرستی‘ میں اہم تبدیلی

شائع February 12, 2021
عدالت کے باہر برٹنی اسپیئرز کے مداح بھی بڑی تعداد میں موجود تھے — فوٹو: اے پی
عدالت کے باہر برٹنی اسپیئرز کے مداح بھی بڑی تعداد میں موجود تھے — فوٹو: اے پی

امریکی عدالت نے معروف پاپ گلوکارہ، اداکارہ، ڈانسر، سماجی رہنما و پروڈیوسر 39 سالہ برٹنی اسپیئرز کی ’سرپرستی‘ میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے ان کی ’سرپرستی‘ کے لیے ان کے والد سمیت ایک کاروباری ادارے کو ان کے ’سرپرست‘ کے طور پر خدمات سر انجام دینے کی ہدایات کردیں۔

ذہن صحت خراب ہونے کی وجہ سے برٹنی اسپیئرز کے ہر طرح کے معاملات ان کے والد جیمی اسپیئرز 2008 سے دیکھ رہے ہیں۔

امریکی قوانین کے مطابق وہ ان کے قانونی سرپرست (conservator) ہیں اور وہ بیٹی کے کیریئر، ذاتی زندگی اور ان کی کمائی سمیت ہر طرح کے معاملات پر فیصلہ کرنے کے مجاز ہیں۔

امریکی عدالت نے 2008 میں برٹنی اسپیئرز کی ذہنی حالت خراب ہونے کے بعد (conservatorship) قانون کے تحت ان کے والد اور ایک وکیل کو ان کا سرپرست مقرر کیا تھا۔

عدالت نے گلوکارہ کے لیے قانونی سرپرستوں کا تقرر اس وقت کیا تھا جب عدالت نے دیکھا کہ برٹنی اسپیئرز اپنے مالی اور جسمانی سمیت دیگر معاملات خود سنبھال نہیں پا رہیں اور ذہنی حالت خراب ہونے کے باعث وہ اپنا برا بھلا نہیں سمجھ رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز والد کی سرپرستی ختم کرانے کی خواہاں

اداکارہ کی یہ حالت اس وقت ہوئی جب ان کی دوسری شادی 42 سالہ گلوکار کیون فیڈرلائن سے طلاق پر ختم ہوئی اور انہیں اپنے 2 کم سن بچوں کی حوالگی کے لیے قانونی مسائل اور پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

گلوکارہ کے والد گزشتہ 12 سال سے ان کے سرپرست بنے ہوئے تھے تاہم 2019 میں ان کے والد نے صحت کی خرابی کے بعد سرپرست اعلیٰ کے عہدے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی اور ان کے وکیل نے بھی 2019 میں اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

اگست 2020 میں برٹنی اسپیئرز نے والد کی سرپرستی ختم کروانے کے لیے درخواست دی تھی —فائل فوٹو: اے پی
اگست 2020 میں برٹنی اسپیئرز نے والد کی سرپرستی ختم کروانے کے لیے درخواست دی تھی —فائل فوٹو: اے پی

جس کے بعد گلوکارہ نے والد اور وکیل کی جگہ ایک کاروباری اور منیجمنٹ کے ادارے کو اپنا سربراہ مقرر کرنے کے حوالے سے اگست 2020 میں عدالت سے رجوع کیا تھا۔

تاہم عدالت نے ان کے والد کو ہی ستمبر 2021 تک دوبارہ سرپرست مقرر کردیا تھا لیکن بعد ازاں عدالت نے برٹنی اسپیئرز کی درخواست پر منیجمنٹ کے ادارے (Bessemer Trust) کو اداکارہ کا سرپرست مقرر کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: برٹنی اسپیئرز کے والد مزید کچھ مدت کیلئے ان کے سرپرست مقرر

لیکن منیجمنٹ کے ادارے کو بیٹی کا سرپرست مقرر کیے جانے پر گلوکارہ کے والد نے عدالت میں درخواست دی تھی کہ ادارے کو اس ذمہ داری سے بری کیا جائے تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔

عدالت نے اگست میں گلوکارہ کے والد کو مزید کئی ماہ تک ان کا سرپرست مقرر کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی
عدالت نے اگست میں گلوکارہ کے والد کو مزید کئی ماہ تک ان کا سرپرست مقرر کیا تھا—فائل فوٹو: اے پی

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق لاس اینجلس کے جج نے برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز کے وکلا کے دلائل کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ بطور ’سرپرست‘ منیجمنٹ ادارے کے ساتھ کام کریں۔

جیمی اسپیئرز کے وکلا نے دلائل دیے تھے کہ منیجمنٹ ادارہ ان کے اختیارات کو محدود کر رہا ہے اور ان کے بجائے ادارے کو مالی وسائل پر زیادہ اختیار ہے۔

تاہم عدالت نے ان کے اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گلوکارہ نے خود منیجمنٹ ادارے کو نامزد کیا ہے اور اب جیمی اسپیئرز کو اس ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

مذکورہ فیصلے پر گلوکارہ کے مداح خوش دکھائی دے رہے ہیں تاہم عدالت کے باہر اداکارہ کے مداحوں نے انہیں مکمل طور پر خود مختار کرنے سے متعلق مظاہرہ بھی جاری رکھا۔

رائٹرز کے مطابق برٹنی اسپیئرز کی خواتین مداح بینرز اور پلے کارڈز سمیت عدالت کے باہر پہنچیں اور گلوکارہ کو اپنی زندگی پر مکمل اختیار دینے کا مطالبہ کیا۔

گلوکارہ نے 2020 کے اختتام پر ایک بار پھر والد کی سرپرستی ختم کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
گلوکارہ نے 2020 کے اختتام پر ایک بار پھر والد کی سرپرستی ختم کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

برٹنی اسپیئرز کے مداحوں کا کہنا تھا کہ اب گلوکارہ مکمل طور پر ٹھیک ہو چکی ہیں اور وہ اپنے برے اور بھلے کا فیصلہ کر سکتی ہیں، اس لیے اب انہیں ان کی زندگی پر مکمل اختیار دیا جائے اور ’سرپرست‘ کا سسٹم ختم کردیا جائے۔

’سرپرست‘ کے نظام ہونے کی وجہ سے برٹنی اسپیئرز اپنی مرضی سے کسی شخص سے پیار یا شادی بھی نہیں کر سکتیں اور نہ ہی وہ اپنی مرضی سے کسی فلم یا گانے میں پرفارمنس کرسکتی ہیں اور نہ ہی ماضی میں کمائی گئی اپنی دولت کو اپنی مرضی سے خرچ کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برٹنی اسپیئرز ایک بار پھر والد کی’سرپرستی‘ ختم کرانے عدالت پہنچ گئیں

گزشتہ برس اکتوبر نے میں برٹنی اسپیئرز کے ایک میک اپ آرٹسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر گلوکارہ آزاد ہوتیں اور ان کے والد ان کے سرپرست نہ ہوتے تو وہ اب تک دوسری شادی کر کے بچوں کی ماں بھی بن چکی ہوتیں۔

میک اپ آرٹسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ گلوکارہ کے والد ان کی ذاتی زندگی پر بھی سخت کنٹرول رکھے ہوئے ہیں اور انہیں دوسرے افراد سے محبت کرنے کا اختیار بھی نہیں۔

عدالت نے اب گلوکارہ کے والد کے ساتھ ایک ادارے کو بھی اداکارہ کا سرپرست مقرر کردیا—فوٹو: رائٹرز
عدالت نے اب گلوکارہ کے والد کے ساتھ ایک ادارے کو بھی اداکارہ کا سرپرست مقرر کردیا—فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024