• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں کورونا وائرس مزید 62 زندگیاں لے گیا

شائع February 10, 2021
پاکستان میں فعال کیسز 30 ہزار سے زائد رہ گئے—فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان میں فعال کیسز 30 ہزار سے زائد رہ گئے—فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور گزشتہ کچھ روز سے یومیہ کیسز میں کمی آئی ہے تاہم اموات کی تعداد اب بھی زیادہ ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 72 مریض سامنے آئے جبکہ مزید 62 افراد انتقال بھی کرگئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 57 ہزار 591 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 128 تک پہنچ گئیں۔

تاہم 2 ہزار 8 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 951 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہزار 512 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگیں جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تاہم اس کے باوجود اموات کی تعداد اب بھی درجنوں میں دیکھی جارہی ہیں۔

اگر آج 10 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 324 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 758 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 25 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 157 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 410 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 757 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 29 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 948 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 161 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 68 ہزار 786 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 970 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 891 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 197 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 108 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 42 ہزار 188 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید ایک مریض کا انتقال ہوا، یوں مجموعی اموات 481 تک پہنچ گئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 53 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 291 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کسی مریض کے انتقال کی تصدیق نہیں ہوئی اور اس طرح وہاں اموات 273 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 2 نئے کیس سامنے آئے اور اس طرح یہ تعداد 4 ہزار 920 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 8 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 951 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 557591

صحتیاب: 514951

اموات: 12128

فعال کیسز: 30512

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 51 ہزار 758 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 61 ہزار 757 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 68 ہزار 786 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 891 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 42 ہزار 188، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 241 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 920 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4157

پنجاب: 4948

خیبرپختونخوا: 1970

بلوچستان: 197

اسلام آباد: 481

آزاد کشمیر: 273

گلگت بلتستان: 102

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024