• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

عدالتوں میں صحافیوں کے دفاع کے لیے سیل قائم

شائع February 9, 2021
اس کا مقصد فرائض انجام دینے کے دوران صحافیوں کو دھمکیوں، حملوں، پابندیوں پر مفت قانونی معاونت فراہم کرنا ہے، رپورٹ - فائل فوٹو:اے ایف پی
اس کا مقصد فرائض انجام دینے کے دوران صحافیوں کو دھمکیوں، حملوں، پابندیوں پر مفت قانونی معاونت فراہم کرنا ہے، رپورٹ - فائل فوٹو:اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان بار کونسل (پی بی سی جے ڈی سی) کی جرنلسٹ ڈیفنس کمیٹی کے تعاون سے صحافیوں کو مفت قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے ایک سیل قائم کردیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 2001 سے صحافیوں کی جسمانی اور آن لائن حفاظت ایک سنگین تشویش کا باعث بن چکی ہے۔

گزشتہ دو دہائیوں میں اس شعبے کے 130 سے زائد ارکان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مزید پڑھیں: صحافیوں کے تحفظ کیلئے پاکستان بار کونسل کی کمیٹی تشکیل

یہ سیل جس میں آئینی، سول اور فوجداری قوانین پر عبور رکھنے والے وکلا شامل ہیں، انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ، ایڈووکیسی اینڈ ڈیولپمنٹ (ارادہ) کے تحت کام کرے گا۔

اس کا مقصد یہ ہے کہ فرائض انجام دینے کے دوران صحافیوں کو دھمکیوں، حملوں، پابندیوں اور 'عدالتی خطرات' پر مفت قانونی معاونت فراہم ہو۔

ارادہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد آفتاب عالم نے کہا کہ صحافی گزشتہ دو دہائیوں سے زبردست دباؤ میں کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مشاہدہ کیا کہ 'صحافیوں نے حملوں، دھمکیوں، ہراساں کرنے اور اغوا سے لے کر ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی تک کے بہت سارے چیلنجز کا سامنا کیا ہے'۔

آفتاب عالم نے بتایا کہ 2001 سے صحافیوں کی جسمانی اور آن لائن حفاظت تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے کیونکہ اس عرصے میں ان میں سے 130 سے زائد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پاکستان بار کونسل اور ارادہ کے نامزد اُمیدواروں پر مشتمل ایک تین رکنی کمیٹی سیل کے امور کی نگرانی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: صحافیوں کے تحفظ کیلئے قائم پاکستان بار کونسل کی کمیٹی میں مزید وکلا شامل

کمیٹی طے کرے گی کہ آیا سیل مدد کی درخواست قبول کرے یا نہیں اور ہر معاملے میں اس کی حمایت کی حد کیا ہونی چاہیے۔

مصیبت میں صحافیوں سے درخواستیں وصول کرنے کے لیے ایک ای میل اکاؤنٹ ([email protected]) بھی بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ملک میں قانونی امور کو منظم رکھنے والے اہم ادارے پاکستان بار کونسل (پی بی سی) کی جانب سے صحافیوں کے تحفظ اور انہیں قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے 29 ستمبر کو ’جرنلسٹک ڈیفنس کمیٹی‘ (جے ڈی سی) قائم کی گئی تھی۔

قائم کی گئی کمیٹی میں 7 وکلا شامل تھے جس میں بعد ازاں اکتوبر میں مزید 12 وکلا کو نامزد کیا گیا تھا۔

پی بی سی کے مطابق یہ کمیٹی سائبر کرائم کے سخت قانون کے ذریعے، خاص طور پر صحافیوں کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور صحافتی طریقوں کے تقاضوں کے مطابق آزادانہ طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی کو مشکل بنانا کر آزاد اظہار رائے کو دبانے کی حکومت کی مبینہ پالیسیوں کے تناظر میں قائم کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024