• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

جیف بیزوز ایمیزون کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے مستعفی

شائع February 3, 2021
جیف بیزوز — اے پی فوٹو
جیف بیزوز — اے پی فوٹو

کئی سال تک دنیا کے امیر ترین شخص رہنے والے ایمیزون کے بانی جیف بیزوز نے اپنی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کے عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

جیف بیزوز بدستور کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین رہیں گے تاہم سی ای او کا عہدہ اب ایمیزون کی ویب سروسز کے سربراہ اینڈی جیسی کو بنایا گیا ہے۔

یہ حیران کن اعلان اچانک اس وقت کیا گیا جب ایمیزون کی جانب سے تازہ ترین مالیاتی نتائج کو جاری کیا گیا۔

کورونا وائرس کی وبا کے دوران ایمیزون کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوا اور 2020 کی آخری سہ ماہی کے دوران پہلی بار 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی مصنوعات فروخت کیں۔

57 سالہ جیف بیزوز نے 1994 میں ایمیزون کی بنیاد اس وقت رکھی تھی جب انہیں ایک مضمون سے علم ہوا کہ انٹرنیٹ کی توسیع ایک سال میں 2300 فیصد تک ہوئی اور ان اعدادوشمار نے انہیں دنگ کردیا جس کے بعد انہوں نے اس سے فائدہ اٹھانے کا ذریعہ تلاش کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بیس ممکنہ پراڈکٹس کی فہرست بنائی جنھیں آن لائن فروخت کیا جاسکے اور کتابوں کو سب سے بہترین آپشن پایا۔

اپنے اس نئے تجربے کے لیے (اس وقت ایسی کوئی آن لائن کمپنی نہیں تھی) انہوں نے ڈی ای شا میں بہترین عہدے کو چھوڑ دیا جس کے بعد انہوں نے ٹیکساس جاکر اپنے والد سے ایک گاڑی ادھار لی جس کے بعد سیٹل جاکر آمیزون ڈاٹ کام کی بنیاد ایک گیراج میں رکھی۔

اس زمانے میں وہ اکثر ملاقاتیں اپنے پڑوسی برنس اینڈ نوبل بک سیلرز میں جاکر کرتے۔

آمیزون کے آغاز کے پہلے ہی مہینے میں اس کمپنی نے امریکا کی تمام پچاس ریاستوں اور 45 مختلف ممالک میں لوگوں کو کتابیں فروخت کیں جس کے بعد 15 مئی 1997 کو اس کے شیئرز عوام کے لیے پیش کیے گئے۔

آغاز میں تجزیہ کاروں نے اسے ایمیزون ڈاٹ بم کا نام دیا کیونکہ ان کے خیال میں یہ بہت جلد ختم ہوجائے گی مگر ایسا نہ ہوسکا۔

آج یہ دنیا بھر میں کتابوں سے لے کر لگ بھگ ہر چیز کو آن لائن فروخت کررہی ہے۔

جیف بیزوز خود اس وقت 197 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے مالک ہیں اور ان کی کمپنی کلاؤڈ کمپیوٹنگ، گروسریز، الیکٹرونکس اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں دیگر سے آگے ہے۔

جیف بیزوز نے عہدہ چھوڑنے کے موقع پر اپنے بیان میں کہا 'ایمیزون تنوع کی علامت ہے، اس وقت میں ایمیزون کو اہم ترین دور میں دیکھتا ہوں اور یہی وقت تبدیلی کے لیے بہترین ہے'۔

جیف بیزوز ایمیزون سے ہٹ کر دیگر شعبوں میں بھی کافی دلچسپی لیتے رہے ہیں جیسے خلا کی تشسخیر اور واشنگٹن پوسٹ کی ملکیت، تاہم ایمیزون کے سی ای او کے عہدے کو چھوڑنا غیرمتوقع اعلان ہے۔

52 سالہ اینڈی جیسی 1997 سے ایمیزون کا حصہ ہیں اور ایمیزون ویب سروسز کو سنبھال رہے ہیں، جس کے تحت کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور اسٹوریج کی سروسز حکومتوں اور کمپنیوں کو فراہم کی جاتی ہے۔

اس شعبے نے 2020 کی آخری سہ ماہی کے دوران مجموعی منافع کا 52 فیصد حصہ کما کر دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024