• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان کی 10 کروڑ آبادی کورونا ویکسین لگوانے کی اہل ہے، معاونِ خصوصی

شائع February 3, 2021
ڈاکٹر فیصل سلطان نیوز بریفنگ دیتے ہوئے—تصویر: ڈان نیوز
ڈاکٹر فیصل سلطان نیوز بریفنگ دیتے ہوئے—تصویر: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہماری آبادی 22 کروڑ ہے جس میں سے 10 کروڑ افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں کیوں کہ دنیا بھر میں یہ ویکسین 18 سال کی عمر سے زائد کے افراد کو لگائی جاتی ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کل وزیراعظم نے علامتی طور پر اسلام آباد کے ایک بڑے ہسپتال کے ڈاکٹر کو اپنے سامنے ویکسین لگوائی جس کے بعد آج ملک کے تمام صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وہاں کی قیادت کے سامنے اس مہم کا باقاعد آغاز ہوگیا ہے۔

سائنو فارم کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ یہ ایک اچھی اور قابِل بھروسہ ویکسین ہے جس کی افادیت 86 سے 89 فیصد بتائی جاتی ہے جو ایک اچھی شرح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز

انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو چین کے علاوہ مصر اور ہنگری میں بھی اجازت مل چکی ہے، متحدہ عرب امارات میں اس کا تحقیقی ٹرائل ہوا تو اس میں اس کی افادیت 86 فیصد بتائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اچھی، مناسب اور مفید ویکسین ہے جس سے ہیلتھ کیئر ورکرز کو کورونا وائرس کی بیماری سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ہماری آبادی 22 کروڑ ہے جس میں سے 10 کروڑ افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں کیوں کہ دنیا بھر میں یہ ویکسین 18 سال کی عمر سے زائد کے افراد کو لگائی جاتی ہیں، اس طرح اگر ہم اپنی آبادی کے اعداد و شمار دیکھیں تو 10 کروڑ افراد کو ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔

ویکسین کن مراحل میں لگائی جائے گی؟

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس سال کے آخر تک 2 تہائی یا ویکسین کی اہل 70 فیصد آبادی تک یہ ویکسین پہنچ چکی ہو، یہ ہدف ایک دن میں حاصل نہیں ہوسکتا بلکہ اس سلسلے میں ایک بتدریج عمل اپنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم نے کورونا ویکسینیشن مہم کا باضابطہ آغاز کردیا

انہوں نے مزید کہا کہ پہلا مرحلہ آج شروع ہوا جس میں صف اول میں کام کرنے والے طبی ورکرز کو ویکسین لگائی جارہی ہے جو کووِڈ 19 وارڈز میں کام کرتے اور کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرتے ہوئے اپنی صحت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، یہ تمام افراد ہمارے نیشنل ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ ہیں، جن کی تعداد تقریباً 5 لاکھ ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 65 سال سے زائد عمر کے پاکستانی شہریوں کو یہ ویکسین دی جائے گی جن کی تعداد 95 لاکھ ہے۔

تیسرے مرحلے میں کورونا کے خلاف صفِ اول میں کام کرنے والوں کے علاوہ دیگر ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگے گی جن کی تعداد 6 لاکھ ہے، ان کے علاوہ 60 سے 65 سال تک کی عمر کے 63 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب ان تمام ہیلتھ کیئر ورکرز اور معمر شہریوں کی تعداد کو دیکھا جائے تو یہ تقریباً ایک کروڑ 70 لاکھ افراد بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ماضی میں کووڈ سے متاثر افراد کیلئے ویکسین کی ایک خوراک کافی ہوسکتی ہے، تحقیق

انہوں نے مزید بتایا کہ چوتھے مرحلے میں باقی آبادی تک یہ ویکیسن پہنچے گی۔

مزید ویکسین حاصل کرنے کیلئے رابطے کررہے ہیں، معاون خصوصی

ان کا کہنا تھا کہ سائنو فارم ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آچکی ہیں، اس کے علاوہ متوسط آمدن والے ممالک کے لیے ایک عالمی انیشی ایٹو کوویکس ہے جس کے ذریعے ہمیں رواں برس کی پہلی اور دوسری سہ ماہی ایک کروڑ 70 لاکھ ویکیسن فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کی رسائی اس ماہ کے آخر سے شروع ہوجائے گی، مارچ تک 70 لاکھ خوراکیں اور دوسری سہ ماہی میں بقیہ ایک کروڑ خوراکیں موصول ہوجائیں گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ہم ویکسین بنانے والے ممالک اور کمپنیوں سے بھی رابطے میں ہیں اور اس کے علاوہ سال کے آخر تک ہمیں ویکسین کی 7 کروڑ 30 لاکھ خوراکیں موصول ہوجائیں گی۔

مزید پڑھیں:پاکستان میں چینی ویکسین کین سائنو کے کلینیکل ٹرائل مکمل

انہوں نے بتایا کہ قومی، صوبائی اور ضلعی سطح تک ویکیسن ایڈمنسٹریشن سیلز موجود ہیں، ملک بھر میں 578 بالغان کے لیے ویکیسن سینٹرز بنائے جاچکے ہیں اور اس وقت روزانہ 40 ہزار افراد کو ویکیسن لگانے کی گنجائش موجود ہے۔

ویکسن کے بعد جسم درد، بخار معمول کی بات ہے، ڈاکٹر فیصل

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسین لگانے والے عملے کی تربیت مکمل ہوچکی ہے جسے آزمایا بھی جاچکا ہے جبکہ 'نمز' نامی ایک سافٹ ویئر بھی تشکیل دیا گیا ہے تا کہ ویکسین لگوانے والوں کا اعداد و شمار ہمارے پاس رہے اور ہمیں معلوم ہو کہ انہیں دوسری خوراک کب دی جانی ہے کیوں عموماً ویکسین کی 2 خوراکیں دی جاتی ہیں۔

ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹس کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ہزاروں افراد پر ان کا ٹرائل ہوا، دنیا بھر میں کروڑوں افراد کو لگائی جارہی ہیں اور یہ محفوظ اور مفید ثابت ہوئی ہیں اس لیے اس معاملے میں فکر نہیں کرنی چاہیے، ہمارے لیے اجتماعی اور انفرادی طور پر اسے لگوانے بہت ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ البتہ ویکسین لگنے کے بعد بازو میں معمولی سا درد، ایک دو روز تک بخار یا جسم درد کی کیفیت نارمل ہے جس سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ویکیسن اپنا اثر دکھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ویکیسن دستیاب ہوگی میں نہ صرف خود لگواؤں گا بلکہ سسٹم کے مطابق جیسے ہی عزیز و اقارب کی باری آئے تو انہیں بھی لگواؤں گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024