• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو احتساب عدالت نے طلب کرلیا

شائع February 2, 2021
سلیم مانڈوی والا نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا — فائل/فوٹو: ڈان
سلیم مانڈوی والا نے احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا — فائل/فوٹو: ڈان

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سلیم مانڈوی والا کو پلاٹس کی خرید وفروخت کے کیس میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

سلیم مانڈوی والا کو احتساب عدالت کی جانب سے طلبی کا نوٹس موصول ہوگیا، جس کے مطابق انہیں 4 فروری کو صبح 9 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیب کے معاملے میں چیئرمین سینیٹ، سینیٹرز دباؤ کا شکار ہیں، سلیم مانڈوی والا

نوٹس کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پلاٹس کی غیر قانونی خرید و فروخت سے متعلق کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور 4 فروری کو احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گا۔

اس سے قبل 27 جنوری کو سلیم مانڈوی والا نے کہا تھا کہ ایوان میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے سے پیش کردہ قراردادوں کے معاملے پر چیئرمین اور دیگر اراکین دباؤ کا شکار ہیں۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب کے خلاف تحریک استحقاق اور قرارداد کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ہمارے کچھ سینیٹرز بھی دباؤ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دباؤ کی وجہ سے پارلیمنٹ میں نیب کے خلاف معاملے کو نہیں اٹھایا جارہا اور کرپشن پر ہاتھ ڈالنے کے معاملے پر بات نہیں کی جا رہی ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تحقیقاتی افسر کے خلاف تحریک جمع کرا رکھی ہے۔

واضح رہے کہ 14 جنوری کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے اعلان کیا تھا کہ نیب سے متعلق تمام حقائق ایوان بالا میں لائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا نیب سے متعلق حقائق ایوان بالا میں پیش کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا تھا کہ سمجھ میں نہیں آرہا کہ نیب کے اندر کیا ہو رہا ہے، انجینیئر منگی دوبارہ سے انجینئرنگ میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب راولپنڈی کا ٹولا فوج کا نام لے کر ملک کے اہم ادارے کی توہین کر رہا ہے اور سینیٹ آف پاکستان کو پہلی دفعہ نیب سے خطرہ ہے۔

انہوں نے نیب پر کاروباری افراد کو پلی بارگین کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب اس ملک میں کیا تباہی مچا رہا ہے، تاریخ میں کبھی نہیں ہوا کہ کاروباری افراد کو آرمی چیف نے جی ایچ کیو بلایا ہو۔

بعدازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے منظر عام پر لانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 'یقین دہانی کراؤں گا کہ نیب صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بلیک لسٹ ہو'۔

مزید پڑھیں: نیب راولپنڈی فوج کا نام لے کر ادارے کی توہین کررہا ہے، سلیم مانڈوی والا

سلیم مانڈوی والا نے اسے قبل آرمی چیف، وزیراعظم، چیئرمین نیب اور وزیر قانون کو اس حوالے سے خطوط بھی لکھ دیے تھے اور کہا تھا کہ نیب کی کارروائیاں قابل تشویش ہیں، ملک میں تاجروں کے تحفظات اور قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نیب ارکان پارلیمنٹ کو طلبی کے نوٹس جاری کرکے قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024