’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘، سوشل میڈیا صارفین کی کال کنیکٹ نہ ہونے کی شکایات
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست رابطے کے سلسلے میں اعلان کردہ 'آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ' پروگرام میں عوام کے سوالوں کے جواب دیے لیکن اس دوران کئی لوگ ایسے بھی تھے جن کا رابطہ متعدد کوششوں کے بعد بھی نہ ہوسکا۔
ٹیلی فونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے، اس سلسلے میں ایک ٹیلی فون نمبر بھی جاری کیا گیا تھا اور بیان میں بتایا گیا تھا کہ لائنیں 4 بجے سے کھول دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ اعلان کیا گیا تھا کہ عمران خان پیر کی شام 4 بجے عوام سے ٹیلی فون پر بات کریں گے اور اس پروگرام کو 'آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ' کا نام دیا گیا۔
مزید پڑھیں: ’آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘، کورونا ویکسین کیلئے امیر غریب نہیں دیکھا جائے گا، وزیراعظم
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں یہ پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا ہے کہ وزیراعظم نے براہ راست عوامی سوالات کا ٹیلی فون پر جواب دیے۔
بعد ازاں عوام نے وزیراعظم سے رابطے کے لیے آج شام 4 بجے ’0519210809‘ نمبر پر رابطہ کیا لیکن بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کال کنیکٹ نہ ہونے کی شکایت بھی سامنے آئی۔
پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کی گئی تھی کہ یہ پروگرام براہ راست نشر ہوگا تاہم بعد میں پی ٹی وی نے ٹوئٹ کیا تھا کہ اس پروگرام کو ریکارڈ کرلیا گیا ہے جسے ساڑھے 7 بجے نشر کیا جائے گا۔
مرتضیٰ علی نامی صارف نے سوال کیا کہ 'کال کیوں نہ لگ رہی؟'
فرہاد خٹک نے لکھا کہ 72 مرتبہ ریڈائل کیا لیکن کال نہیں کنیکٹ ہوئی۔
ایسٹیوٹ نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 78 مرتبہ فراہم کردہ نمبر پر کال کرنے کی کوشش کی۔
زاریہ نامی صارف نے لکھا کہ اپنے مداحوں کو کون اتنا نظر انداز کرتا ہے، ایک بھی کال نہیں اٹھائی گئی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کال ریسیو نہ ہونے کے باوجود وہ کپتان کو سپورٹ کرتی ہیں۔
عدیل خان نامی صارف نے کہا کہ کال کنیکٹ نہیں ہوپارہی۔
غلام مرتضیٰ نامی صارف نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم سے بات نہیں ہوسکی۔
ارجمند نامی صارف نے وزیراعظم سے بات ہونے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
جون وک نامی صارف نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی کال کنیکٹ نہیں ہوسکی۔
اس دوران سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کچھ مزاحیہ تبصرے بھی کیےگئے۔
اذکیٰ نامی صارف نے لکھا کہ میں بیلنس کے بغیر خان صاحب کو کال ملانے کی کوشش کرتے ہوئے۔
مانو نامی صارف نے لکھا کہ '90 کی دہائی میں: 090078601 اور 2021 میں 051-9210809'۔
اوور تھنکر نامی صارف نے لکھا کہ ' آپ رابطہ کرنے سے قاصر ہیں، برائے مہربانی دوبارہ کوشش کریں'۔
زین نامی صارف نے لکھا کہ میرا عمران خان سے سوال ہے کہ رشتے داروں سے کیسے چھٹکارا پایا جائے۔