• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اسد درانی 2008 سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے رابطوں میں رہے، وزارت دفاع

شائع January 27, 2021
اسد درانی نے ای سی ایل سے اپنے نام کے اخراج کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی — فائل فوٹو: الجزیرہ
اسد درانی نے ای سی ایل سے اپنے نام کے اخراج کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی — فائل فوٹو: الجزیرہ

وزارت دفاع نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر مقدے میں کہا ہے کہانٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) سابق سربراہ 2008 سے دشمن عناصر بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے رابطوں میں رہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں وزارت دفاع نے اسد درانی کا نام 'ای سی ایل' سے نکالنے کی مخالفت کی ہے۔

مزید پڑھیں: سابق آئی ایس آئی سربراہ کا نام مزید 2 تحقیقات کے باعث ای سی ایل میں موجود

وزارت دفاع نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق سربراہ آئی ایس آئی کا نام ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی 32 سال پاکستان آرمی کا حصہ رہے اور اہم و حساس عہدوں پر تعینات رہے۔

وزارت دفاع کے مطابق اسد درانی 2008 سے دشمن عناصر بالخصوص بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے رابطوں میں رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسد درانی کے خلاف انکوائری حتمی مرحلے میں ہے اور اس موقع پر ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکتا۔

عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا گیا کہ اسد درانی نے 12 اور 13 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر جس رائے کا اظہار کیا اسے بھی کسی محب وطن شہری نے اچھا نہیں سمجھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسد درانی نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست دائر کردی

وزارت دفاع کے مطابق اسد درانی نے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے سابق چیف کے ساتھ مل کر کتاب لکھی تاہم کتاب کا سیکیورٹی لحاظ سے جائزہ لیا گیا اور انکوائری بورڈ کے مطابق کتاب کا مواد پاکستان کے مفادات کے خلاف ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2018 میں جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسد درانی نے ای سی ایل سے اپنے نام کے اخراج کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

وفاقی حکومت نے 29 مئی کو پاک فوج کی درخواست پر اسد درانی کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا تھا۔

خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے یہ فیصلہ اسد درانی کے بھارت کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ (را) کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ کے ہمراہ مشترکہ طور پر لکھی گئی کتاب کے حوالے سے وضاحت کے لیے 28 مئی کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں طلبی کے بعد کیا گیا تھا۔

جنرل (ر) اسد درانی اگست 1990 سے مارچ 1992 تک آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر فائز رہے، ان کے خلاف باقاعدہ انکوائری کا آغاز ہونے کے بعد مئی میں انہیں جی ایچ کیو بھی طلب کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سابق ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق جی ایچ کیو کی رپورٹ طلب

انکوائری کی سربراہی حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرل کر رہے ہیں جس میں ان سے تحریر کردہ کتاب میں لکھے گئے مواد کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن میں جنرل (ر) اسد درانی کے وکیل نے کہا تھا کہ ان کے موکل کو جی ایچ کیو میں ’چائے کے لیے‘ بلایا گیا تھا۔

انہوں نے عدالت میں کہا تھا کہ جنرل (ر) اسد درانی بیرونِ ملک جانا چاہتے ہیں لیکن ای سی ایل میں نام شامل ہونے کی وجہ سے سفر نہیں کرسکتے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024