• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ورون دھون کی شادی 24 جنوری کو ہوگی، چچا کا دعویٰ

شائع January 21, 2021
ورون دھون خود بھی کئی بار جلد شادی کرنے کا کہہ چکے ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام
ورون دھون خود بھی کئی بار جلد شادی کرنے کا کہہ چکے ہیں — فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار ورون دھون کے چچا اداکار انیل دھون نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بھتیجے کی شادی تین دن بعد 24 جنوری کو ممبئی میں ہوگی۔

چند دن قبل ہی یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ورون دھون آئندہ ہفتے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

اگرچہ خود ورون دھون یا ان کے والدین نے ایسی خبروں پر کوئی وضاحت نہیں کی تاہم ان کے قریبی ذرائع کے مطابق شادی کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

خبریں ہیں کہ ورون دھون کی شادی ان کی دیرینہ گرل فرینڈ اور کلاس فیلو فیشن ڈیزائنر نتاشا دلال سے ہوگی، جن کا براہ راست شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔

نتاشا دلال اور ورون دھون کو گزشتہ چند سال سے میڈیا کے سامنے بھی ملتے ہوئے دیکھا گیا ہے جب کہ دونوں نے متعدد بار ایک دوسرے سے محبت اور شادی سے متعلق بھی کھل کر باتیں کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ورون دھون آئندہ ہفتے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے؟

ابتدائی طور پر دونوں کی شادی کے حوالے سے 2018 میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے تاہم ایسا نہیں ہوسکا تھا۔

بعد ازاں خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں 2019 کے اختتام تک شادی کرلیں گے تاہم ایسا بھی نہ ہوسکا اور سال 2020 میں بھی ان کی شادی کی چہ مگوئیاں کی جاتی رہیں۔

ورون دھون درینہ گرل فرینڈ نتاشا دلال سے شادی کریں گے، ذرائع—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ورون دھون درینہ گرل فرینڈ نتاشا دلال سے شادی کریں گے، ذرائع—فائل فوٹو: انسٹاگرام

چند دن قبل ورون دھون اور نتاشا دلال کے اہل خانہ کے قریبی افراد نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ دونوں کی شادی کی تیاری مکمل کرلی گئی اور ان کی شادی کی تقریبا 21 جنوری سے ممبئی میں شروع ہوں گی۔

اور اب ورون دھون کے چچا انیل دھون نے بھی دعویٰ کیا کہ ورون دھون کی شادی 24 جنوری کو ممبئی کے ساحلی علاقے علی باغ کے خوبصوت ریزروٹس میں ہوگی۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ایک شوبز ویب سائٹ کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انیل دھون نے تصدیق کی کہ ان کے بھتیجے کی شادی تین دن بعد ہوگی۔

انیل دھون نے بتایا کہ وہ بھی شادی کی تقریبات میں شرکت کریں گے تاہم ساتھ ہی انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے اور بہو کو شادی میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

انیل دھون نے شادی کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ورون دھون کی شادی 24 جنوری کو ہوگی۔

دونوں کو گزشتہ چند سال سے سرعام ملتے دیکھا جا رہا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کو گزشتہ چند سال سے سرعام ملتے دیکھا جا رہا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نتاشا دلال اور ورون دھون کی شادی کی تقریبات 21 جنوری سے شروع ہوجائیں گی۔

رپورٹ میں ذرائع سے بتایا گیا کہ 21 جنوری کی شام سے نتاشا دلال کے گھر میں شادی کی تقریبات شروع ہوجائیں گی اور شادی کی مرکزی تقریب 24 جنوری کو ممبئی کے ساحلی مقام علی باغ میں ہوگی۔

مزید پڑھیں: میں بھی شادی کرنے جارہا ہوں، ورن دھون

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شادی کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے تین ریزورٹس کو سجایا گیا ہے اور تقریب میں بولی وڈ کی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

رپورٹس ہیں کہ شادی کی تقریب میں سلمان خان، شاہ رخ خان، کترینہ کیف، جیکولین فرنانڈس، کرینہ کپور، انیل کپور، کرن جوہر اور فرح خان سمیت دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔

اگرچہ ورون دھون کی شادی کے حوالے سے ان کے خاندان کے قریبی ذرائع اور چچا نے تصدیق کی ہے تاہم تاحال انہوں نے خود اور ان کی ہونے والی اہلیہ نے کوئی بیان نہیں دیا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024