بفر اسٹاک بڑھانے کے لیے چینی، گندم درآمد کرنے کی اجازت
اسلام آباد: بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے حکومت نے 8 لاکھ ٹن چینی اور 3 لاکھ ٹن گندم کی ٹیکس اور ڈیوٹی فری درآمد اور اسٹاک میں اضافہ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ہوا۔
ای سی سی نے عوامی شعبے کی جانب سے 5 لاکھ ٹن ریفائنڈ چینی اور شوگر ملز کی جانب سے 3 لاکھ ٹن خام چینی کی ٹیکس اور ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دی ہے۔
مزید پڑھیں: ای سی سی نے بفر اسٹاک کیلئے اضافی گندم کی درآمد کی منظوری دے دی
وزیر اعظم عمران خان نے 12 دسمبر کو سرکاری ایجنسیز کو عوامی طور پر مبارکباد دی تھی جن کی مربوط کوششوں سے چینی کی قیمتیں 100 روپے فی کلوگرام سے کم ہو کر 80 روپے فی کلو ہوگئی تھی تاہم اس کے اگلے چند ہفتوں میں ہی قیمتیں 90 روپے سے تجاوز کرگئیں جبکہ لاہور اور کراچی میں اس کی قیمت 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھیں۔
یہ مبینہ طور پر ان قیاس آرائیوں پر تھا کہ چینی کی قلت دوبارہ پیدا ہوسکتی ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ چینی کی درآمد کا فیصلہ چینی کی قیمتوں پر اضافی دباؤ کو کم کرنے اور تازہ فصل کی آمد سے قبل کیری اوور اسٹاک میں اضافے کے لیے وزارت صنعت کی تجویز پر لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا
ان کا کہنا تھا کہ 'ای سی سی نے سفید چینی اور خام چینی کی تجارتی درآمد پر ود ہولڈنگ انکم ٹیکس کم کرکے 5.5 فیصد سے 0.25 فیصد کردیا اور سفید چینی کی درآمد پر ویلیو ایڈیڈ سیلز ٹیکس کو ختم کرنے کی منظوری دی'۔
ٹیکسز میں کمی سے شوگر ملز کو 30 جون تک 3 لاکھ ٹن خام شوگر کی درآمد کی ترغیب ملے گی، ای سی سی نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کو رواں سیزن کے دوران، اگر ضرورت ہو تو، 5 لاکھ ٹن تک سفید چینی درآمد کرنے کی ہدایت کی۔
وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق نے ٹینڈرنگ کے ذریعے ٹی سی پی کو فوری طور پر تین لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کیلئے انتظامات کرنے کے حوالے سے سمری پیش کی جسے ای سی سی نے منظوری کرلیا۔
ای سی سی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے فوڈ ڈپارٹمنٹ بلوچستان کو رعایتی نرخ پر 60 ہزار میٹرک ٹن گندم مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔
مزید پڑھیں: ای سی سی کا گندم کی امدادی قیمت میں 25 فیصد اضافہ کرنے سے گریز
وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی طرف سے روڈ ٹو مکہ پائلٹ پراجیکٹ کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے کراچی اور لاہور تک لے جانے کی سمری بھی پیش کی گئی تاکہ سرکاری اسکیم کے تحت حج ادا کرنے والے عازمین حج کو سہولت مل سکے۔
اس ضمن میں ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ ایف بی آر وزارت مذہبی امور کے ساتھ الگ سے مشاور ت کرکے اس کی تفصیلات طے کرے اور ای سی سی کے اگلے اجلاس میں یہ معاملہ منظوری کے لیے پیش کرے۔
ایوی ایشن ڈویژن نے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی سمری پیش کی۔
اس کمیٹی میں سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ایوی ایشن اور سیکریٹری قانون و انصاف شامل ہیں جو روز ویلٹ ہوٹل کے مالیاتی چیلنجز پر غور کرے گی۔
ای سی سی نے اس کی منظوری دے دی، ہوٹل کو 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی مزید تعاون کی ضرورت ہے۔