• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پی ایس ایل میں شائقین کی شرکت یقینی بنانے کیلئے پی سی بی کا حکومت سے رابطہ

شائع January 19, 2021
پاکستان سپر لیگ کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں تماشائیوں کی محدود تعداد میں گراؤنڈ میں موجودگی یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا آغاز آئندہ ماہ 20 فروری سے ہو گا اور لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے ابتدائی طور پر تماشائیوں کے بغیر بند اسٹیڈیم میں میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021، 'ہمارے ہیروز' مہم کا آغاز

تاہم اب دنیا بھر میں میچز میں محدود تعداد میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں محدود تعداد میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی اور لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے مقابلوں میں محدود تعداد میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دینے کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطہ کر لیا ہے۔

پی سی بی نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر سے شائقین کو اسٹیڈیم میں بلانے کے حوالے سے اجازت طلب کر لی ہے کیونکہ اب بھی کئی ممالک میں شائقین کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت نہیں اور بند اسٹیڈیم میں میچز کھیلے جا رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے 12 سے 14 ہزار تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دینے کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا ہے اور اس دوران تمام میچز میں کورونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لیے تمام ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کی ڈرافٹنگ مکمل، کرس گیل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال پاکستان سپر لیگ کے میچز صرف کراچی اور لاہور میں منعقد کیے جائیں گے۔

ایونٹ کے ابتدائی 20 میچز کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا جبکہ پلے آف اور فائنل سمیت بقیہ 14 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024