• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل پولیس اہلکاروں کو کڑی سزا دی جائے، وزیراعظم

شائع January 15, 2021
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے اور انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

لاہور میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب پولیس میں اصلاحات اور کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے کی جانے والی اصلاحات اور اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق حکمران فوج کو پنجاب پولیس بنانا چاہتے تھے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پولیس میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں جس کا نقصان لوگوں کو اٹھانا پڑا، عوام کے مسائل کے حل میں صرف میرٹ پر عملداری کی جائے اور انصاف کی فراہمی کی راہ میں حائل اہلکاروں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، پولیس کسی سیاسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لائے، لوگ آپ سے تب مطمئن ہوں گے جب آپ سب سے یکساں اور قانون کے مطابق سلوک کریں گے۔

انہوں نے آئی جی کو ہدایت کی کہ پولیس افسران جرائم کے خاتمے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور تھانوں کا دورہ کریں، پنجاب پولیس کا تشخص بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے آپ کو بہت محنت کرنا پڑے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اہم پوزیشنز پر ایماندار افسران تعینات کرنے کا اثر نچلی سطح تک جاتا ہے، پنجاب میں تمام تعیناتیاں صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جائیں تاکہ لوگوں کی انصاف تک حقیقی رسائی ممکن ہو سکے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں سینئر پولیس افسران کے تبادلے جاری

ان کا کہنا تھا کہ جب آپ بڑے جرائم پیشہ افراد کو قانون کی گرفت میں لائیں گے تو چھوٹے جرائم پیشہ عناصر کے لیے یہ سبق ہوگا۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ کو احتساب شہزاد اکبر بھی موجود تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024