• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ملک میں مزید 2 ہزار 417 افراد کورونا سے متاثر، 45 انتقال کر گئے

شائع January 15, 2021
ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ مسلسل جاری ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق قومی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز مثبت آنے کی شرح 5.9 فیصد ہے لیکن کراچی میں یہ شرح سب سے زیادہ 15.97 فیصد ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 417 کیسز سامنے آئے جبکہ 45 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تاہم 2 ہزار 72 مریض اس وائرس سے شفایاب بھی ہوئے۔

ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 14 ہزار 338 ہوچکی ہے جس میں سے 91.7 فیصد یعنی 4 لاکھ 69 ہزار 306 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ 10 ہزار 863 زندگی کی بازی ہار گئے اور اب ملک میں 34 ہزار 169 فعال کیسز ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں تھی۔

آج وزیر تعلیم شفقت محمود نے پرائمری سے مڈل جماعتوں کے طلبہ کے لیے اسکولز کھولنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے یکم فروری سے اسکول کھولے جانے کا اعلان کیا ہے جبکہ نویں سے بارہویں جماعت کے لیے 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔

آج 15 جنوری کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان کے صوبہ سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 235 کیسز کا اضافہ ہوا جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 953 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 11 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 755 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 661 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 953 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 22 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 370 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 342 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 62 ہزار 719 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 762 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 27 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 515 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک کا اضافہ ہوا اور اس طرح اموات کی مجموعی تعداد 189 پر پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 125 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 39 ہزار 749 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 449 پر برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 27 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 567 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا اور یوں اب تک انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 237 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 882 پر برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 72 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 69 ہزار 306 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 514338

صحتیاب: 469306

اموات: 10863

فعال کیسز: 34169

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 31 ہزار 953 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 953 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 62 ہزار 719 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 515 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 39 ہزار 749، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 567 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 882 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3755

پنجاب: 4370

خیبرپختونخوا: 1762

بلوچستان: 189

اسلام آباد: 449

آزاد کشمیر: 237

گلگت بلتستان: 101

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024