نیٹ فلیکس کا رواں برس ریکارڈ 70 ہولی وڈ فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان
دنیا کی سب سے بڑی اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال ریکارڈ 70 ہولی وڈ فلمیں ریلیز کرے گی۔
عام طور پر نیٹ فلیکس پر ہفتے میں ایک فلم ریلیز کی جاتی ہیں، جس میں ویب سیریز اور دستاویزی فلمیں بھی شامل ہوتی ہے۔
تاہم اب کورونا کی وبا کے باعث گزشتہ برس سے سینما تھیٹرز بند ہونے کی وجہ سے زیادہ فلموں کو ریلیز کیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیٹ فلیکس انتظامیہ نے تصدیق کی کہ سال 2021 میں بڑے ہولی وڈ اسٹارز کی میگا بجٹ فلمیں بھی ریلیز کی جائیں گی۔
رواں سال لیونارڈو ڈی کیپریو، ڈیوائن جانسن، میرل اسٹریپ، جینیفر لارنس اور ٹیلر پیری سمیت دیگر بڑے اداکاروں کی فلمیں بھی ریلیز کی جائیں گی۔
اس سال نیٹ فلیکس پر ہارر، ایکشن، تھرلر، رومانٹک، کامیڈی، تاریخ اور رومانس سمیت بولڈ فلمیں بھی ریلیز کی جائیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق ریلیز کی جانے والی 70 فلموں کو امریکا میں ریلیز کرنے سمیت عالمی سطح پر انگریزی کے علاوہ دیگر 10 زبانوں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ باکس آفس ریونیو 2020 میں 40 برس کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا
نیٹ فلیکس پر ریلیز کی جانے والی فلموں کو 2021 میں 190 ممالک میں ریلیز کرنے کے علاوہ انہیں نیٹ فلیکس کے تعاون سے بعض ممالک کے سینما تھیٹرز میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔
مذکورہ 70 فلموں کے علاوہ نیٹ فلیکس پر ویب سیریز، دستاویزی فلمیں اور اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے بنائی جانے والی خصوصی فلموں کو بھی ریلیز کیا جائے گا۔
نیٹ فلیکس کی جانب سے زیادہ سے زیادہ فلمیں ریلیز کرنے کا مقصد اپنی حریف اسٹریمنگ ویب سائٹس کو ٹف ٹائم دینا ہے، کیوں کہ کورونا کی وجہ سے سینما تھیٹرز بند ہونے کے باعث ایپل، ڈزنی پلس، ایچ بی او میکس اور دیگر ویب سائٹس نے بھی فلمیں ریلیز کرنا شروع کردی ہیں۔
علاوہ ازیں بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک میں مقامی سطح پر بھی اسٹریمنگ ویب سائٹس کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور آنے والے وقت میں فلموں کو سینما تھیٹرز کے بجائے زیادہ تر آن لائن ریلیز کیے جانے سے متعلق منصوبہ بندیاں بھی کی جا رہی ہیں۔