• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ہیکرز نے فریحہ الطاف کا واٹس ایپ نمبر ہیک کرکے لوگوں کو پیغامات بھیج دیے

فریحہ الطاف کا نمبر ایک دن بعد بحال ہوا—فائل فوٹو: فیس بک
فریحہ الطاف کا نمبر ایک دن بعد بحال ہوا—فائل فوٹو: فیس بک

ہیکرز نے سابق ماڈل، فیشن ڈیزائنر، پبلک ریلیشنز (پی آر) شخصیت و سماجی رہنما فریحہ الطاف کے واٹس ایپ نمبر کو ہیک کرکے ان کے دوستوں اور جاننے والوں کو نامناسب پیغامات بھیج دیے۔

فریحہ الطاف نے 11 جنوری کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ہیک ہوگیا اور ہیکرز نے ان کے متعدد جاننے والوں کو پیغامات بھی بھجوائے ہیں۔

فریحہ الطاف نے اپنی دو ٹوئٹس میں بتایا کہ ان کے لیے یہ بڑی پریشانی کا سبب ہے کہ ان کا واٹس ایپ نمبر ہیک کرکے ان کے دوستوں کو پیغامات بھجوائے گئے۔

انہوں نے صارفین اور دوستوں کو درخواست کی کہ انہیں کبھی بھی کسی اپنے قریبی دوست کے نمبر سے کوئی نامناسب پیغام ملے تو وہ کال کرکے ان سے مذکورہ پیغام سے متعلق تصدیق کریں۔

یہ بھی پڑھیں: جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

ساتھ ہی انہوں نے مداحوں اور دوستوں کو ہدایت کی کہ اگر کبھی کسی قریبی دوست کے نمبر سے بھی آپ کو کوئی پیغام آئے کہ ان کے پاس کوئی کوڈ آیا ہوگا، وہ انہیں بھجوائیں تو بھی وہ موصول ہونے والا کوڈ دوست کو نہ بھجوائیں۔

فریحہ الطاف کے مطابق ایسا ہی کرنے کے باعث ہی ان کا واٹس ایپ نمبر ہیک کیا گیا۔

تاہم بعد ازاں فریحہ الطاف نے 12 جنوری کو ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا واٹس ایپ نمبر بحال ہوگیا ہے تاہم انہوں نے اپنا نمبر ہیک ہوجانے پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔

اسی حوالے سے فریحہ الطاف نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دراصل وہ دبئی میں مقیم اپنے دوست سے واٹس ایپ پیغامات کا تبادلہ کر رہی تھیں کہ انہیں ایک نمبر سے کوڈ موصول ہوا اور دبئی میں مقیم دوست نے ان سے مذکورہ کوڈ مانگا۔

مزید پڑھیں: صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک کرنے پر اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ کردیا

فریحہ الطاف کے مطابق انہوں نے دوست کو کوڈ بھیجا تو ان کا نمبر بھی ہیک ہوگیا اور بعد ازاں انہیں معلوم ہوا کہ دراصل ان کے دوست کا نمبر بھی ہیک ہوچکا تھا۔

فریحہ الطاف نے پیغام دیا کہ کوئی بھی شخص اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو بھی موصول ہونے والا کوڈ فراہم نہ کرے اور اگر ایسا کرنا لازمی ہے تو پہلے کال کرکے اس کی تصدیق کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیکرز کا مقصد ڈیٹا حاصل کرکے لوگوں کو بلیک میل کرنا ہوتا ہے۔

فریحہ الطاف کے مطابق ہیکرز نے ان کے دوستوں کو بھی پیغامات بھجوائے اور جب انہیں پتا چلا تو انہوں نے دوسرے فون میں واٹس ایپ انسٹال کرکے اسٹوری شیئر کی کہ ان کا نمبر ہیک ہوچکا ہے اور لوگ ان کے نمبر سے موصول ہونے والے پیغامات کو نظر انداز کرکے ان سے محتاط رہیں۔

فریحہ الطاف سے قبل سماجی رہنما جبران ناصر سمیت دیگر شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات کے بھی واٹس ایپ نمبر ہیک ہوچکے ہیں، تاہم انہیں جلد بحال کرالیا گیا تھا۔

اسی طرح زیادہ تر شخصیات کے فیس بک، ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکائونٹس کو بھی ماضی میں ہیک کیا جا چکا ہے تاہم انہیں بھی جلد بحال کرایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024