• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وینا ملک کی سابق شوہر کے خلاف ایک ارب ہرجانے کی درخواست

دونوں نے 2013 میں شادی کی اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 2013 میں شادی کی اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک پر بدنام کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف لاہور کی مقامی عدالت میں ایک ارب روپے ہرجانے کی درخوست دائر کردی۔

زاہدہ ملک المعروف وینا ملک کی جانب سے ایڈووکیٹ انجم حمید نے لاہور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ہرجانے کی درخواست دائر کی، جس میں اسد خٹک پر بلیک میلنگ اور ذہنی تشدد کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

دائر کی گئی درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ اسد خٹک نے ٹوئٹر پر وینا ملک کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ سمیت ان کے گھر کا پتا بھی شیئر کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ وینا ملک نے پاکستان اور ہندوستان میں متعدد فلموں اور ڈراموں میں کام کیا اور ان کے لاکھوں مداح ہیں جب کہ ان پر لگائے جانے والے الزامات سے ان کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے، جس کی وجہ سے ان کے میڈیا کے ساتھ طے ہوئے معاہدے ختم ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق شوہر کا وینا ملک کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

درخواست میں وینا ملک کی جانب سے کہا گیا کہ سابق شوہر میڈیا اور سوشل میڈیا پر انہیں بدنام کر رہا ہے، سابق شوہر کے الزامات سے وہ ذہنی مسائل سے بھی دوچار ہیں۔

درخواست کے مطابق سابق شوہر بلیک میل کیے جانے سے متعلق جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور وہ ان کے خلاف غلط دعوے کرکے ان کی شہرت کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔

اداکارہ نے درخواست میں واضح کیا ہے کہ انہوں نے اسد خٹک سے خلع لے رکھی ہے اور عدالت نے بچوں کی حوالگی ان کے سپرد کر رکھی ہے۔

وینا ملک نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں ذہنی اذیت پہنچانے پر اسد خٹک کو 2 کروڑ جب کہ مجموعی طور پر انہیں بدنام کرنے پر ان کے سابق شوہر کو ایک ارب ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

وینا ملک کی درخواست پر عدالت میں تاحال سماعت نہیں ہوئی تاہم جلد ان کی درخواست پر سماعت کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک سے شادی کے محض 4 سال بعد 2017 میں خلع لے لی تھی، دونوں نے دسمبر 2013 میں دبئی میں شادی کی تھی اور دونوں کو دو بچے بھی ہیں جو اس وقت والدہ کے پاس ہیں۔

مزید پڑھیں: وینا ملک کا بھی سابق شوہر کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

خلع کے بعد دونوں ایک دوسرے پر بچوں کی اسمگلنگ اور ایک دوسرے کو بلیک میل کرنے کے الزامات لگاتے آ رہے ہیں اور گزشتہ چند ماہ میں دونوں کے درمیان لفظی جنگ شدید ہوگئی۔

دونوں نے میڈیا پر ایک دوسرے کو ہرجانے کے قانونی نوٹس بھجوائے جانے کے دعوے بھی کیے جب کہ اس دوران وینا ملک کے سابق شوہر ان کی مبینہ آڈیو بھی سامنے لے آئے تھے، جس میں وہ سابق شوہر کو گالیاں دیتی سنائی دیں۔

علاوہ ازیں حال ہی میں اسد خٹک امریکا سے پاکستان پہنچے تھے اور انہوں نے بیوی پر بچوں کو دبئی سے اسمگل کرنے جیسے الزامات عائد کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔

اگرچہ اسد خٹک نے وینا ملک پر کئی طرح کے الزامات عائد کر رکھے ہیں تاہم انہوں نے سابق اہلیہ کے خلاف تاحال عدالت سے رجوع نہیں کیا لیکن اب وینا ملک نے سابق شوہر کے خلاف لاہور کی عدالت میں درخواست دائر کردی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024