• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کلیئر پولوسیک ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مردوں کے میچ میں پہلی خاتون امپائر بن گئیں

شائع January 7, 2021 اپ ڈیٹ January 8, 2021
کلیئر پولوسیک نے2015 میں کیریئر کا آغاز کیا —فوٹو:بشکریہ اسکائی اسپورٹس
کلیئر پولوسیک نے2015 میں کیریئر کا آغاز کیا —فوٹو:بشکریہ اسکائی اسپورٹس

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی کلیئر پولوسیک ٹیسٹ کرکٹ کی 144 سالہ تاریخ میں مردوں کے میچ میں امپائرنگ کا حصہ بننے والی پہلی خاتون بن گئیں۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 32 سالہ پولوسیک نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ میں چوتھے متبادل امپائر کے طور پر شامل ہو کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پہلی مرتبہ خواتین امپائرز

کلیئر پولوسیک نے گزشتہ برس اپریل میں ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے فائنل میں نمیبیا اور عُمان کے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے تھے۔

اس سے قبل دسمبر 2018 میں بگ بیش کے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور میلبورن اسٹارز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں کلیئر پولوسیک اور ایلوئز شیریڈن میچ میں ایک ساتھ آن فیلڈ امپائرنگ کرنے والی پہلی خواتین بن گئی تھیں۔

کلیئر پولوسیک 2017 میں جے ایل ٹی کپ کے دوران آسٹریلیا کے مینز ڈومیسٹک مقابلوں میں پہلی خاتون امپائر بنی تھیں۔

کرکٹ کے میدان میں کلیئر پولوسیک اور نیوزی لینڈ کی کیتھی کراس نے 2016 میں پہلی مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی امپائرنگ کی تھی جب بھارت میں ورلڈ کپ کھیلا جارہا تھا۔

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز سے تعلق رکھنے والی کلیئر پولوسیک گزشتہ برس فروری اور مارچ میں ویمنز ورلڈ کپ کے امپائرنگ پینل میں شامل تھیں۔

رپورٹ کے مطابق کلیئر پولوسیک کرکٹ آسٹریلیا کے سپلیمنٹری امپائرنگ پینل اور آئی سی سی کے ڈیولپمنٹ پینل میں بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حمیرا فرح عالمی کرکٹ میں پہلی پاکستانی خاتون امپائر بننے کی خواہاں

یاد رہے کہ 32 سالہ کلیئر کا امپائرنگ کیریئر 2015 میں شروع ہوا تھا اور انہیں تھائی لینڈ میں منعقدہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں ذمہ داریاں دی گئی تھیں جہاں انہوں نے فائنل سمیت 8 میچوں میں امپائرنگ کی تھی۔

انہیں اب تک خواتین کرکٹ کے 17 ایک روزہ اور تین میچوں میں تھرڈ امپائر، 33 ویمنز ٹی ٹوئنٹی اور 5 میچوں میں تھرڈ امپائر کے طور پر کام کرنے کا تجربہ ہے۔

آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جاری چار میچوں کی سیریز میں کورونا کی عالمی وبا کے باعث سفری پابندیوں کے نتیجے میں امپائرنگ پینل آسٹریلیا سے ہی منتخب کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024