سال 2021 میں یہ پاکستانی ڈرامے دیکھیں
پاکستانی ڈرامے نہ صرف ملک میں مقبول ہیں بلکہ اپنی کہانی کی وجہ سے دنیا کے دیگر خطوں میں بھی ان ڈراموں کو پسند کیا جاتا ہے۔
ہرسال کے آغاز میں کچھ نئے ڈرامے اپنی کہانی کا سفر شروع کرتے ہیں جو یا تو ناظرین کے دل میں جگہ بنا کر اس سال کی انٹرٹینمنٹ کا ایک بڑا حصہ بن جاتے ہیں یا پھر وقت کی گردش میں کھوجاتے ہیں۔
اس سال جو نئے ڈرامے شروع ہورہے ہیں وہ محبت و جدائی، غم و رنج، خوشی و اداسی سمیت معاشرے کے کچھ مسائل کی کہانی کو اپنے انداز میں بیان کرتے نظر آئیں گے۔
یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے ڈراموں کے بارے میں بتارہے ہیں جو سال 2021 میں شروع ہوچکے ہیں یا عنقریب شروع ہونے والے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر اپنے موضوع، جاندار کہانی اور شاندار اداکاری سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
پہلی سی محبت
پہلی سی محبت
رواں سال اداکارہ مایا علی اور شہریار منور ڈراما 'پہلی سی محبت' سے کچھ سال کے وقفے کے بعد چھوٹی اسکرین پر واپس آرہے ہیں۔
شہریار منور، اداکارہ مایا علی کے ساتھ اپنے آنے والی ڈراما سریل ‘پہلی سی محبت’ میں دکھائی دیں گے جس میں دونوں اپنی زندگی کی لڑائی لڑتے نظر آئیں گے اور ایک ساتھ ہونے کے لیے دنیا کے خلاف جائیں گے جیسا کہ ایک محبت کی کہانی میں ہوتا ہے۔
مایا علی 3 سال کے وقفے کے بعد چھوٹی اسکرین پر واپس آرہی ہیں اور اسی ڈرامے میں ڈیزائنر ایچ ایس وائے (حسن شہریار یاسین) ڈیبیو کررہے ہیں اور وہ اپنے پہلے ڈرامے کے حوالے سے کافی پرجوش بھی ہیں۔
ڈرامے سے قبل شہریار منور اور مایا علی فلم ‘پرے ہٹ لَو’ میں ساتھ کام کرچکے ہیں اور شہریار منور نے ڈان امیجز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ ان کا کردار بہت دلچسپ، جذباتی اور مضبوط ہے اور اس لیے انہیں یہ کردار ادا کرنے میں بہت مزا بھی آیا۔
اس ڈرامے میں مایا علی 'رخشی' اور شہریار منور 'اسلم' کا کردار ادا کررہے ہیں، اب رخشی اور اسلم کی 'پہلی سی محبت' کامیاب ہوگی یا وہ بیچ راستے میں بچھڑ جائیں گے یہ تو ڈراما دیکھ کر ہی پتا چلے گا۔
ڈڑاما 'پہلی سی محبت' نجی چینل اے آر وائے سے نشر ہوگا، اس کے مختلف ٹیزرز جاری کیے جاچکے ہیں تاہم ڈراما شروع ہونے کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔
قیامت
قیامت
سال 2021 میں شوبز ستارے احسن خان اور نیلم منیر 'قیامت' نامی ڈرامے میں ساتھ دکھائی دیں گے۔
اس ڈرامے سے قبل دونوں اداکار 2017 میں فلم چھپن چھپائی میں ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے جو مزاح اور ایکشن سے بھرپور تھی۔
سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے اس ڈرامے کو اسد قریشی اور عبداللہ قدوانی نے پروڈیوس کیا ہے، جس کی ہدایات علی فیضان نے دیں جبکہ یہ ڈراما ثروت نذیر نے لکھا ہے۔
ڈرامے سے متعلق ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے احسن خان نے بتایا تھا کہ یہ کوئی سادہ محبت کی کہانی نہیں ہے بلکہ اس ڈرامے میں ان کے کردار کے قدرے منفی اور عجیب سمیت مختلف پہلو بھی ہیں۔
قیامت ڈرامے کے ٹیزر بھی جاری ہوچکے ہیں جس میں نیلم منیر، ہارون شاہد کو ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوتے اور بعدازاں نیلم منیر کی احسن خان سے شادی ہوتے دکھایا گیا ہے۔
ڈرامے میں مرکزی کرداروں کے علاوہ کاسٹ میں امر خان، شبیر جان، صبا فیصل اور نوشین احمد بھی شامل ہیں۔
'قیامت' ڈراما نجی چینل جیو ٹی وی سے 5 جنوری 2021 سے نشر ہوگا۔
رقیب سے
رقیب سے
ڈراما 'جھوٹی' میں اداکاری کے بعد اداکارہ اقرا عزیز اب 2 مختلف ڈراموں میں دکھائی دیں گی جن میں سے ایک کا نام 'رقیب سے' ہے۔
اس ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ 'رقیب سے' میں پاکستان میوزک انڈسٹری کی مقبول ترین اور عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ حدیقہ کیانی اداکاری کے میدان میں اپنا ڈیبیو کررہی ہیں۔
حال ہی میں اس ڈرامے کے 2 ٹیزرز جاری کیے گئے ہیں جن میں حدیقہ کیانی ایک سنجیدہ جبکہ اقرا عزیز باتونی اور چلبلے انداز میں دکھائی دی ہیں۔
ٹیزرز میں اب تک صرف حدیقہ کیانی کے کردار کا نام ہی سامنے آیا اور وہ سکینہ نامی خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں تاہم ڈرامے کی کہانی بظاہر کسی سماجی مسئلے کے گرد گھومتی دکھائی دیتی ہے۔
'رقیب سے' میں حدیقہ کیانی کے علاوہ نعمان اعجاز، ثانیہ سعید، اقرا عزیز اور فریال محمود سمیت دیگر اداکار شامل ہیں
ڈرامے کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں اور اسے مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے تاہم یہ ڈراما کب سے نشر ہوگا اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں بتایا گیا۔
خدا اور محبت
خدا اور محبت
ڈراما سیریل 'خدا اور محبت' اپنے گزشتہ 2 سیزنز میں ناظرین کی بھرپور پذیرائی کے بعد رواں برس اپنے تیسرے سیزن کے ساتھ واپس آرہا ہے۔
معروف لکھاری ہاشم ندیم کے ناول 'خدا اور محبت' پر مبنی ڈرامے کا پہلا سیزن 2011 میں نشر ہوا تھا اور اس کے پہلے اور دوسرے سیزن میں عمران عباس کے ساتھ سعدیہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا لیکن اب تیسرے سیزن میں فیروز خان اور اقرا عزیز مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے۔
فیروز خان اس ڈرامے سے مختصر وقفے کے بعد شوبز انڈسٹری میں واپس آرہے ہیں اور 'سم تھنگ ہاٹ' کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اسی ڈرامے سے متعلق کہا تھا کہ 'میرا آنے والا پروجیکٹ پاکستانی ٹیلی ویژن کی تاریخ کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے'۔
ڈرامے کے 2 ٹیزرز جاری کیے جاچکے ہیں اور پہلا ٹیزر دیکھیں تو اس کا آغاز بہاولپور کے دربار محل سے ہوتا ہے اور پھر لاہور اسٹیشن دکھایا گیا ہے جس کے بعد فیروز خان اور اقرا عزیز کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ٹیزرز کا جائزہ لیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے کہ ڈرامے کی کہانی بہاولپور اور لاہور شہروں کے درمیان فیروز خان اور اقرا عزیز کے گرد اور پھر ان کی تلاشِ حق کے گرد گھومتی ہے۔
خدا اور محبت کی دیگر کاسٹ میں جنید خان، روبینہ اشرف، حنا خواجہ بایات، جاوید شیخ، اسما عباس، سنیتا مارشل اور دیگر شامل ہیں۔
ڈرامے کا تیسرا سیزن بھی ہاشم ندیم نے لکھا ہے اور اسے جلد نجی چینل جیو ٹی وی سے نشر کیا جائے گا تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
رقص بسمل
رقص بسمل
یوں تو ڈراما 'رقصِ بسمل' کا آغاز سال 2020 کے اواخر میں ہوا تھا لیکن اس کی صرف ایک قسط ہی گزشتہ سال میں نشر ہوئی تھی اور اسے بھی 2021 کا ڈراما کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
اداکار عمران اشرف نے بھولا اور آدم کے کردار کے بعد اب 'رقصِ بسمل' میں موسیٰ کے کردار سے ناظرین کے دل میں جگہ بنالی ہے اور ان کے کردار کی پہلی جھلک دیکھنے کے بعد سے ہی ڈرامے کے آغاز کا انتظار کیا جارہا تھا جس کی ایک بڑی وجہ اداکار کی موجودگی ہے۔
'رقص بسمل' ڈرامے کی کہانی پاکستان کے معروف مصنف ہاشم ندیم نے لکھی ہے جس میں اداکار عمران اشرف اور سارہ خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسی ڈرامے سے اداکارہ زارا شیخ ٹی وی اسکرین پر ڈیبیو کر رہی ہیں جبکہ یہ 5 برس کے وقفے کے بعد ڈائریکٹر وجاہت روؤف کا پہلا ٹی وی ڈراما ہے۔
اس ڈرامے کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جو خاندان کے باہر رشتہ کرنا اپنی انا کے خلاف سمجھتا ہے اور موسیٰ اور عیسیٰ کو اپنی والد کی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے دکھایا جائے گا۔
ڈرامے میں موسیٰ کو سخت مزاج دکھایا گیا ہے لیکن وہ صرف آنکھیں دیکھ کر ایک لڑکی 'زہرہ' کی محبت میں مبتلا ہوجاتا ہے، اب انہیں محبت ملتی ہے یا نہیں یہ ڈراما جوں جوں آگے بڑھے گا تو معلوم ہوگا۔
ڈنک
ڈنک
'ڈنک' ڈراما اپنے آغاز سے قبل ہی اس وقت مداحوں کی توجہ کا مرکز بنا تھا جب صارفین نے اس کے پوسٹر میں بلال عباس کی جھلک پر غلطی سے ڈرامے کے نام کی وجہ سے آسٹریلین بلے باز بین ڈنک کو ٹیگ کرنا شروع کردیا تھا۔
تاہم بعدازاں یہ ڈراما نشر ہونے سے ایک روز قبل پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کے بیان پر تنازع کھڑا ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 'اس ڈرامے میں حقیقت کو بہت نزدیک سے دکھایا گیا ہے اور ڈنک ہر اس متاثرہ شخص کو خراج تحسین ہے جس پر جنسی ہراسانی کا جھوٹا الزام لگایا گیا ہے'۔
ڈرامے کی پہلی قسط نشر ہونے سے قبل ہی اس کے ٹیزرز نے کہانی سے متعلق تجسس پیدا کیا تھا اور اس پر تنقید بھی ہوئی تھی جس میں ایک یونیورسٹی کے استاد کو طالبہ کی جانب سے ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس ڈرامے میں نعمان اعجاز جنسی ہراسانی کے الزامات کا سامنا کرنے والے پروفیسر ہمایوں، یاسرہ رضوی ان کی اہلیہ سائرہ، ثنا جاوید، امل نامی طالبہ جس نے الزام لگایا ہے اور بلال عباس، امل کے منگیتر حیدر کا کردار ادا کررہے ہیں۔
ڈرامے میں امل اور حیدر کے مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ماضی میں 'چیخ' اور 'رسوائی' جیسے ڈراموں میں بھی دکھائی دیے تھے اور ناظرین کی رائے ہے کہ ڈرامے میں 'چیخ' جیسی سنسنی ہی دکھائی گئی ہے۔
اس کی اب تک صرف 2 اقساط نشر ہوئی ہیں اور سوال یہ ہے کہ ڈراما اس دوران ناظرین کے دل میں جگہ بنانے اور متنازع ہونے کے بعد کہانی سے متعلق رائے تبدیل کرنے میں کامیاب ہوتا ہے یا نہیں۔
افیئر
افیئر
سال 2021 میں پاکستان کے معروف اداکاروں میں سے ایک فیصل قریشی، اداکارہ حبہ بخاری کے ساتھ 'افیئر' میں جلوہ گر ہوں گے۔
جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے یہ ڈراما افیئر کے گرد ہی گھومتا ہے اور ڈرامے میں محبت اور انا کی اس کہانی کے ٹیزرز بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
ٹیزرز میں حبہ بخاری اور فیصل قریشی کو مرکزی کرداروں جبکہ کرن حق اور وہاج علی دونوں کی شادی شدہ زندگی پر اثر انداز ہوتے دکھائی دیں گے۔
ڈرامے کی کہانی فیصل قریشی اور حبہ بخاری کے کرداروں کی شادی کے بعد ان کی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کے گرد گھومتی ہے۔
اس ڈرامے کی کاسٹ میں صبا حمید، فرحان علی آغا اور کامران جیلانی بھی شامل ہیں، یہ ڈراما جلد نجی ٹی وی چینل جیو سے نشر ہوگا۔
دل نااُمید تو نہیں
دل نااُمید تو نہیں
ڈراما سیریل 'دل نااُمید تو نہیں' میں اداکارہ یمنیٰ زیدی اور اداکار وہاج علی پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی آمنہ مفتی نے لکھی ہے جسے کشف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ٹی وی ون پر نشر کیا جائے گا جبکہ اس ڈرامے کی ہدایات کاشف ناصر دے رہے ہیں۔
'دل نااُمید تو نہیں' میں یمنیٰ زیدی اور وہاج علی انسانی اسمگلنگ جیسے معاشرے کے حساس ترین موضوع کو اجاگر کرتے دکھائی دیں گے۔
یمنی زیدی نے کٹ آ کٹ کو ڈرامے کے حوالے سے بتایا تھا کہ اس میں انسانی اسمگلنگ، بچوں سے بدسلوکی اور ایک ایسی لڑکی کی کہانی پیش کی جائے گی جو کرکٹر بننا چاہتی ہے۔
اداکارہ نے بتایا تھا کہ اس ڈرامے میں وہ بالکل مختلف انداز میں دکھائی دیں گی، ان کا کردار اس بار بہت منفرد ہے۔
ڈرامے کی کاسٹ میں نعمان اعجاز، وہاج علی، یاسرہ رضوی، نوید شہزاد، نادیہ افغان، عمیر رانا اور نورالحسن بھی شامل ہیں۔
تاہم 'دل نا اُمید تو نہیں' کب شروع ہوگا اس حوالے سے اب تک کسی حتمی تاریخ کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
چپکے چپکے
چپکے چپکے
رواں برس عائزہ خان اور عثمان خالد بٹ ڈراما 'چپکے چپکے' میں ایک ساتھ دکھائی دیں گے، دونوں نے اس سے قبل ٹیلی فلم 'غلطی سے مسٹیک ہوگئی' میں ساتھ کام کیا تھا جو 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔
ڈرامے کی کاسٹ میں میرا سیٹھی، اسما عباس، علی سفینہ شامل ہیں جبکہ کامکس بائے ارسلان سے مقبول ہونے والے ارسلان نصیر اس ڈرامے سے ڈیبیو کررہے ہیں۔
اس ڈرامے کی کہانی صائمہ اکرم چوہدری نے لکھی ہے جبکہ اداکار و ہدایت کار دانش نواز اس مزاحیہ اور پر لطف ڈرامے کی ہدایت دیں گے۔
یہ ڈراما ایک بڑے خاندان کی آپسی محبت اور نفرت پر مبنی کہانی ہے جو جیلسی، دوستی، محبت اور مزاح سے بھرپور ہے۔
'چپکے چپکے' رواں برس 2021 میں نجی چینل ہم ٹی وی سے نشر ہوگا لیکن اب تک اس ڈرامے کا کوئی ٹیزر سامنے نہیں آیا۔