• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سینیٹ اجلاس: ڈپٹی چیئرمین کا نیب کی 'خلاف ورزیوں' کو انسانی حقوق کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ

شائع January 4, 2021 اپ ڈیٹ January 5, 2021
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب نے سینیٹرز کو پریشان کر رکھا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب نے سینیٹرز کو پریشان کر رکھا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ایوان کی انسانی حقوق کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 'پہلی مرتبہ نیب کا معاملہ سینیٹ ایجنڈا پر آیا ہے، نیب نے سینیٹرز کو پریشان کر رکھا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'نیب کو خط لکھا تھا کہ کسی سینیٹر کو گرفتار کرنے سے قبل یا انہیں بلانے سے قبل سینیٹ کو اطلاع دی جائے، چیئرمین نیب نے کہا تھا کہ اس حوالے سے سینیٹ کو اطلاع دیا کریں گے اور اس پر عمل جاری بھی تھا، لیکن روبینہ خالد دو سال سے احتساب عدالت میں در بدر ہو رہی ہیں اور نہ ان کا کیس چلتا ہے، محسن عزیز روس میں تھے جب انہیں فون آیا کہ نیب نے مالم جبہ کیس میں آپ کے خلاف انکوائری شروع کر دی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شیری رحمٰن کے سابقہ شوہر سے جبراً 164 کا بیان لکھوایا گیا، وہ انتہائی شریف آدمی ہیں، میرے پاس اب تک ان افراد کی 100 درخواستیں آچکی ہیں جو جیل میں ہیں یا نیب عدالتوں میں رُل رہے ہیں، ان کے ساتھ نیب کی جانب سے زیادتی ہو رہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: نیب، بیوروکریسی کے کام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سلیم مانڈوی والا

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ 'مجھے کہا گیا کہ ہم آپ کے چیئرمین سینیٹ کو بھی دیکھ لیں گے، کس ادارے میں اتنی جرات ہے کہ وہ کہے کہ چیئرمین سینیٹ کو دیکھ لیں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'کیس چلانے سے پہلے میڈیا میں عزت کو اچھالا جاتا ہے، میں نے کہا کہ مجھ سے ہونے والی تحقیقات کو میڈیا میں چلائیں، نوٹس کو تو بہت میڈیا پر چلاتے ہیں، مجھ سے پوچھا گیا کہ اپ منگلا کور کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں، کہا گیا کہ آپ بے نامی ٹرانزیکشنز کرتے ہیں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے منگلا کور کے ساتھ بے نامی ٹرانزیکشن کی؟ پورا ملک اس پر ہنس رہا ہے، اس ایوان کے ذریعے مطالبہ کیا جائے کہ کسی کی میڈیا میں پگڑی نہیں اچھالی جائے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے ایک وفاقی وزیر کا فون آیا کہ آپ ہمارے دل کی آواز ہیں، ہم نیب کے ساتھ کام نہیں کر سکتے، یہ کام کیوں نہیں کر پارہے؟ کیا حکومت کو یہ علم نہیں ہے'۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 'کوئی ایوان میں سے کہے کہ سلیم مانڈوی والا نے کرپشن کی ہے، نیب کی حراست میں لوگ مر رہے ہیں، خرم ہمایوں کے ساتھ 10 سال سے کام کر رہا تھا اس نے خودکشی کر لی، نیب کسی کے کنٹرول میں نہیں، اسے لگام دینا ہوگی، نیب کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو انسانی حقوق کمیٹی کے سپرد کریں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کیا نیب افسران کا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟ کیا نیب افسران خاص لوگ ہیں، کیا انہیں استثنیٰ حاصل ہے؟ نیب افسران کے اثاثے، ڈگریاں، ڈومیسائل چیک کیے جائیں، نیب افسران کی بھرتیاں کیسے ہوئیں، چیک کیا جائے'۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سلیم مانڈوی والا نے بہت اہم مسئلہ اٹھایا ہے، میں، ڈپٹی چیئرمین اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بیٹھ کر دیکھتے ہیں کہ ہم اس حوالے سے کیا کر سکتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے قومی ادارے میں بہتری آئے۔

مزید پڑھیں: تمام چیمبرز نیب کے خلاف کاروباری برادری کیلئے کھڑے ہوں، سلیم مانڈوی والا

الزامات مسترد

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیرقیادت ایک درجن سے زائد افراد کی ہلاکت سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں پارلیمنٹ میں اور اس کے باہر اپوزیشن کی طرف سے لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کردیا۔

سینیٹ میں نیب کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کے الزام کے مطابق وہ 10 افراد جو 'مبینہ طور پر نیب کی تحویل میں ہلاک ہوئے' وہ دراصل عدالتی ریمانڈ میں تھے۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ 'عدالتی ریمانڈ کے دوران ملزم نیب کی جسمانی تحویل میں نہیں بلکہ جیل میں رہتا ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) اسلم مسعود کا عدالتی تحویل میں رہتے ہوئے اڈیالہ جیل میں انتقال ہوگیا تھا جبکہ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے بتائے گئے بریگیڈ (ر) اسد منیر کو کبھی گرفتار نہیں کیا گیا تھا اور ان کے گھر پر ان کا انتقال ہوا تھا۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ 'متوفی (برگیڈیئر منیر) کو نیب سے جوڑنا ناانصافی ہے'۔

انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ طور پر ایک ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں ملوث صرف دو افراد پی ٹی سی ایل کے ڈویژنل انجینئر آغا محمد سجاد اور ظفر اقبال مغل کا نیب کے لاک اپ میں انتقال ہوا تھا۔

نیب قانون کی مختلف دفعات پر ہونے والی تنقید کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ قانون پہلے ہی عدالتی جانچ پڑتال سے گزر چکا ہے۔

انہوں نے عابد میمن کیس (پی ایل ڈی -2013) میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا جس میں عدالت کا مؤقف تھا کہ 90 دن کا ریمانڈ آئین کے سیکشن 10 (2) کی خلاف ورزی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی دفعہ 24 کے تحت گرفتاری کے اختیار کی بھی عدالت نے توثیق کی ہے۔

بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ نیب کے خلاف اپوزیشن کا غصہ اور سیاسی زیادتی کے الزامات کے وجوہات نیب کی کارکردگی کی وجہ سے ہیں جو گزشتہ دو سالوں میں بہتر ہوئی ہے۔

احتساب کے عمل پر وزیر اعظم کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 'احتساب کا عمل صرف پاکستان کا تجربہ نہیں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی احتساب کا عمل چل رہا ہے، ایسے ادارے وہاں کام کر رہے ہیں اور ایسی ہی وہاں قانون سازی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ذرائع سے زیادہ آمدن قانون بطور جرم موجود ہے، دیگر ممالک میں بھی احتساب کی یہی شقیں ہیں جبکہ بھارت میں بھی بغیر وارنٹ کے گرفتاری ہوتی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اقوام متحدہ کی کرپشن کے خلاف کنونشن کے تحت پابند ہیں کہ احتساب کا ادارہ ہو، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی قانون سازی کو لے کر نیب قوانین میں تبدیلی کی بات کی گئی، سپریم کورٹ کی فیصلے میں ہے کہ قانون میں لازم ہے کہ احتساب کے نظام کو بہتر بنائیں جبکہ احتساب کا ادارہ اور قانون ہم نے نہیں بنایا'۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ 'پاکستان میں 10 سال نااہلی کا قانون ہے لیکن ارجنٹینا میں ساری عمر کی نااہلی ہے جبکہ کچھ ممالک میں عمر قید کی سزا ہے، نیب، آرڈیننس 1996 میں پہلی صورت سامنے آیا اور نگراں حکومت نے اسے بنایا، نجم سیٹھی اس احتساب کمیٹی کے چیئرمین بنے، بعد میں یہ احتساب قانون بنا'۔

نیب کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 27 ماہ میں پنجاب میں 206 ارب روپے کی ریکوری کی گئی جو پہلے دس سال میں 3 ارب کی تھی، نیب نے دو سال میں مجموعی طور پر 389 ارب کی ریکوری کی، اس سے قبل دس سال قبل کی مکمل 104 ارب روپے کی ریکوری تھی'۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کی بڑے سیاستدانوں کے خلاف میگا کرپشن کیسز پر نظرثانی

انہوں نے کہا کہ 'دونوں حکومتوں نے دس سالوں میں بہت ترامیم کیں لیکن نیب قانون میں ایک ترمیم نہیں کی گئی، پاناما کیس ہمارے دور حکومت میں شروع نہیں ہوا تھا، جعلی اکاؤنٹ کیس بھی ہماری حکومت میں نہیں شروع ہوا، ہم نے ان چیزوں میں مداخلت نہیں کی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ لوگ میڈیا ٹرائل کی بات کرتے ہیں، جس چیز پر ایکشن ہو چکا ہے اگر وہ میڈیا ٹرائل ہے تو ہمیں عدالت میں لے جائیں، کوئی کسی کی پگڑی نہیں اچھالتا، اس کو خود ایشو بنایا جاتا ہے، اگر آپ ایسا کام کریں گے تو دوسری پارٹی بھی جواب دے گی'۔

مشیر احتساب نے کہا کہ 'پی ٹی آئی حکومت نیب قانون میں بہتری لانے کے لیے آرڈیننس لائی جو اسے ایوان سے مسترد ہوگیا، اپوزیشن کی نیب ترامیم میں 34 میں سے ساڑھے 33 ایسی ہیں جو ہم مان نہیں سکتے، ہم ہر طرح کی بات کرنے کو تیار ہیں جو ایک شخص کے لیے نہیں ہونی چاہیے جبکہ ہم وہ ترامیم نہیں کر سکتے جو ہمارے منشور، مینڈیٹ کے خلاف ہے'۔

حکومت ہزارہ برادری کے زخموں پر مرہم رکھے، شیری رحمٰن

اجلاس کے دوران بلوچستان میں کان کنوں کے قتل کا معاملہ بھی زیر حث آیا اور پیپلز پارٹی نے معاملہ سینیٹ میں اٹھایا۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ بلوچستان میں کان کنوں کے قتل کا معاملہ انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے، بہت بڑا ظلم کیا گیا ہے، ہماری حکومت میں وزیراعظم اور وزرا جاکر ان کے ساتھ زمین پر بیٹھے تھے'۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: مچھ میں اغوا کے بعد 11 کان کنوں کا قتل

انہوں نے کہا کہ اس طبقے کو تعصب کا نشانہ بنایا گیا ہے، حکومت کا کام ہے ان کے زخموں پر مرہم رکھے، حکومت حفاظت کے کیا اقدامات لے رہی ہے؟ وزیر اعلیٰ بلوچستان رحم دلی دکھائیں اور ان کے پاس فوری طور پر پہنچیں'۔

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ ہزارہ برداری کے تحفظ میں ریاستی ادارے ناکام کو چکے ہیں، ہزارہ برادری ان واقعات کے باعث ہجرت کر رہی ہے، وزیر اعظم فون مت کریں، خود وہاں جائیں جبکہ جس گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ان سے ہمارے ادارے آگاہ ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024