• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وفاقی حکومت کا 18 جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

شائع January 4, 2021 اپ ڈیٹ January 5, 2021
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 18 جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں سے 12ویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو پہلے مرحلے میں کھول دیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سخت احتیاطی اقدامات اٹھائے ہیں جن کا تعلق ہمارے تعلیمی اداروں کو بند کرنے سے تھا، ہم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جیسا کہ بڑے اجتماعات، شادی ہال اور ریسٹورنٹس میں لوگوں کو محدود کیا اور ان مقامات پر ڈائننگ پر پابندی عائد کی۔

مزید پڑھیں: بغیر کسی استثنٰی کے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند ہوں گے، شفقت محمود

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند ہونے سے بہت اثر پڑا، یہ تعلیمی ادارے ہمارے ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم حصہ ہیں اور ہم نے بادل نخواستہ ہی انہیں بند کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا سے یہ چیز واضح ہوئی ہے کہ شاید اس وقت ہمیں اس معاملے میں مزید احتیاط اور التوا کی ضرورت پڑے تاکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ہماری دوسری لہر کی شدت میں کمی آ چکی ہو۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا اثر ہوا اور دوسری لہر میں کچھ ٹھہراؤ دیکھنے میں آیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر شفقت محمود نے کہا کہ ہماری حکومت کے پیش نظر اولین چیز یہ ہے کہ ہم نے بچوں کی صحت کا خیال رکھنا ہے اور بچوں کی صحت سے متعلق کوئی رسک نہیں لینا اور تفصیلی بحث مباحثے کے بعد یہ فیصلے ہوئے ہیں جو میں آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 18 جنوری سے نویں سے 12ویں جماعتوں، جن کا امتحان ہونا ہے، ان کو بحال کردیا جائے گا اور ان جماعتوں کے طالبعلم اپنے اسکول و کالجز میں جائیں گے اور ان کی پڑھائی شروع ہو جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد دوبارہ کھل گئے

ان کا کہنا تھا کہ 25 جنوری سے پرائمری سے 8ویں تک باقی طالبعلم اسکول آنا شروع کردیں گے جبکہ یکم فروری کو یونیورسٹی، کالجز سمیت ہائر ایجوکیشن کے ادارے کھول دیے جائیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ بتدریج تین مرحلوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کا عمل مکمل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 10 جنوری تاریخ تک موسم سرما کی تعطیلات دی تھیں اور اساتذہ اور انتظامی عملے کو 11 جنوری سے اسکول، کالجز، یونیورسٹیز آنے کی اجازت ہو گی اور یونیورسٹیز آن لائن کام کر سکتی ہیں۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ بورڈ کے جو امتحانات مارچ یا اپریل کے اوائل میں ہونے تھے ان کو ملتوی کیا جا رہا ہے اور بورڈ کے امتحانات اب مئی اور جون میں ہوں گے کیونکہ بچوں نے ابھی تک اپنا کورس ورک مکمل نہیں کیا اور وہ اس عرصے میں اپنا کورس ورک مکمل کر سکیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 14 یا 15 تاریخ صحت کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنا سکیں کہ بیماری کنٹرول میں ہے اور ہم جو دیکھ رہے ہیں ٹرینڈ اسے لحاظ سے چل رہا ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ

یاد رہے کہ گزشتہ سال کے اوائل میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے چند ہفتوں بعد 15 مارچ سے تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے تھے جبکہ سندھ میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آنے کے بعد سے ہی تعلیمی ادارے بند کردیے گئے تھے۔

وائرس کی صورتحال میں بہتری کے بعد 6 ماہ کے طویل عرصے کے بعد 15ستمبر کو دوبارہ کھول دیے گئے تھے۔

البتہ نومبر کے آخری ہفتے میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر 26 نومبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024