• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پی ٹی وی بورڈ نے ’منیجنگ ڈائریکٹر کو معطل‘ کردیا

شائع January 2, 2021
پاکستان ٹیلی ویژن کے 8 ملازمین گزشتہ ماہ برطرف کردیے گئے تھے— تصویر: پی ٹی وی ویب سائٹ
پاکستان ٹیلی ویژن کے 8 ملازمین گزشتہ ماہ برطرف کردیے گئے تھے— تصویر: پی ٹی وی ویب سائٹ

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کارپوریشن کے بورڈ نے مبینہ طور پر ’متعین حدود سے زیادہ اختیارات استعمال‘ کرنے پر منیجنگ ڈائریکٹر عامر منظور کو 10 روز کے لیے معطل کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ جمعہ کی شام کو ہونے والے ایک ہنگامی اجلاس میں پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یہ فیصلہ لیا۔

مذکورہ اجلاس کی سربراہی بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سید نعیم بخاری کر رہے تھے۔

اس حوالے سے جب ترجمان پی ٹی وی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر کی معطلی کی تصدیق یا تردید نہیں نہیں کی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: پی ٹی وی افسران کی اپنی برطرفی کے خلاف دائر درخواست مسترد

تاہم وزارت اطلاعات میں ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت کی ایڈیشنل سیکریٹری شاہیرہ شاہد کو 10 روز کے لیے پی ٹی وی کی منیجنگ ڈائریکٹر کا چارج دے دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں عامر منظور نے پی ٹی وی کے نوتشکیل شدہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے خلاف پیش کردہ ’چارج شیٹ‘ کو ادارے کو مستحکم کرنے کی ان کوششوں کا ’ایک ردعمل‘ قرار دیا، جسے ان کے بقول نعیم بخاری کے ایڈ ہاک فیصلوں نے مشکل میں ڈال دیا تھا۔

ان کا کہناتھا کہ انہوں نے ’پی ٹی وی کے مالی بدلاؤ کو تیز کردیا‘ تھا جبکہ ساتھ ہی انہوں نے اپنے خلاف الزامات کو ’بدنیتی اور ادارے کے لیے ان کی خدمات کو بدنام کرنے کی مہم کا حصہ‘ قرار دیا۔

خیال رہے کہ منیجنگ ڈائریکٹر کی معطلی سے قبل گزشتہ ماہ پی ٹی وی کے 8 اعلیٰ عہدیداروں کو برطرف کردیا گیا تھا۔

یہ برطرفی نومبر میں نعیم بخاری کی جانب سے پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سامنے آئی تھیں۔

یہ مدنظر رہے کہ پیشے کے اعتبار سے وکیل نعیم بخاری ایک ٹیلی ویژن شو کی میزبانی بھی کرتے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے سربراہ بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 8 افسران کی برطرفی سے پی ٹی وی بحران کی زد میں

ریاستی ادارے کے ان 8 کنٹریکٹ افسران کی خدمات ختم کرنے کے حکم پر نعیم بخاری نے دستخط کیے تھے تاہم منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی عامر منظور کی جانب سے اس وقت اس آرڈر پر دستخط نہیں کیے گئے تھے۔

جن 8 افسران کو دسمبر میں پی ٹی وی سے نکالا گیا تھا ان میں چیف آف مارکیٹنگ اسٹریٹجی اینڈ کونٹینٹ خاور اظہر، ان ہاؤس انالسٹ اینڈ برانڈ ایمبیسڈر راشد لطیف، چیف ہیوم ریسورس آفیسر محمد طاہر مشتاق، چیف آف نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز قطرینہ حسین، چیف ٹیکنالوجی آفیسر ناصر نقوی، ایگزیکٹو پروڈیوسر کرنٹ افیئرز خرم انور، ہیڈ آف اسٹریٹجی اینڈ کارپوریٹ کمیونکیشنز عاصم بیگ اور جی ایم سیکیورٹی کرنل (ر) محمد ندیم نیازی شامل تھے۔

بعد ازاں ان 8 میں سے 7 افسران نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا اور اپنے ملازمتی معاہدوں (کانٹریکٹس) کے خاتمے کو چیلنج کیا تھا، تاہم عدالت عدالیہ نے ان کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024