• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

بھارت: کیرالا میں 21 سالہ طالبہ کم عمر میئر بن گئیں

شائع December 28, 2020
آریا راجندرن بی ایس سی سال دوم کی طالبہ ہیں—فوٹو: سی پی آئی (ایم) ٹوئٹر
آریا راجندرن بی ایس سی سال دوم کی طالبہ ہیں—فوٹو: سی پی آئی (ایم) ٹوئٹر

بھارت کی ریاست کیرالا کے شہر تھیروواننتھاپورم میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی رکن 21 سالہ طالبہ آریا راجندرن ملکی تاریخ کی کم عمر میئر بن گئیں۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آریا راجندرن نے ریاست میں منعقدہ حالیہ شہری انتخابات میں حصہ لیا تھا اور کامیابی کے بعد اب باقاعدہ طور پر شہر کے میئر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا ہے۔

سی پی آئی کے رہنما اور پوٹم سے منتخب کونسلر پی کے راجو شہر کے ڈپٹی میئر ہوں گے۔

اس سے قبل سی پی آئی (ایم) کی ضلعی کمیٹی نے آریا راجندرن کو تھیروواننتھا پورم کارپوریشن کے میئر کے لیے امیدوار نامزد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈیا میں پہلی خواجہ سرا میئر

رپورٹ کے مطابق 21 سالہ آریا راجندرن مودوانموگال سے تعلق رکھتی ہیں اور وہ بھارت کی کم عمر میئر بن گئی ہیں۔

انہوں نے میئر کے انتخاب کے لیے 3 آزاد ارکان سمیت 54 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار نے 35 اور آئی این سی کے امیدوار نے 9 ووٹ حاصل کیے۔

آریا راجندر نے میئر منتخب ہونے کے بعد انٹرویو میں کہا کہ وہ پارٹی کی ذمہ دار کارکن ہیں اور کسی امتیاز کے بغیر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے سلسلے میں کبھی بھی عمر کو رکاوٹ تصور نہیں کیا، میں اپوزیشن سے کوئی خطرہ محسوس نہیں کرتی'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں جانتی ہوں کہ میرے پیچھے پارٹی کھڑی ہے جہاں کونسل میں کئی تجربہ کار شخصیات موجود ہیں جو میری رہنمائی کر سکتی ہیں'۔

بھارت کی تاریخ کی کم عمر میئر اس وقت آل سینٹس کالج میں بی ایس سی میتھس کی سال دوم کی طالبہ ہیں اور کونسل کے انتخابات میں اپنے وارڈ میں 2 ہزار 872 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی اور انہیں کانگریس کے حریف امیدوار پر 549 ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔

مزید پڑھیں: وہ امریکی قصبہ جہاں دہائیوں سے صرف کتے میئر منتخب ہورہے ہیں

آریا راجندرن اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) کی کارکن ہیں اور بلاسنگم میں بچوں کی ونگ کی ریاستی صدر بھی ہیں۔

بلدیاتی انتخابات میں لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ میں شامل سی پی آئی نے 51 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کی تھی جبکہ بی جے پی کی سربراہی میں این ڈی اے کو 35 نشستیں ملیں، جس کے بعد کانگریس کے صرف 10 امیدوار کامیاب ہوکر کونسل میں آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں سی پی آئی کے سابق میئر کے سری کمار کو غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024