• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

'گنگو بائی کاٹھیاواڑی' کی کہانی پر سنجے لیلا بھنسالی، عالیہ بھٹ پر مقدمہ

شائع December 27, 2020
بابوجی راؤجی نے مصنف حسین زیدی اور رپورٹر جین بورجز پر بھی کیس کیا ہے جن کی تحقیق ہی کہانی  کی بنیاد تھی— فائل فوٹوز: انسٹاگرام
بابوجی راؤجی نے مصنف حسین زیدی اور رپورٹر جین بورجز پر بھی کیس کیا ہے جن کی تحقیق ہی کہانی کی بنیاد تھی— فائل فوٹوز: انسٹاگرام

بھارتی فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کو فلم 'گنگو بائی کاٹھیاواڑی' کی کہانی پر مشکلات کا سامنا ہے اور گنگوبائی کے بیٹے نے فلم ساز اور اداکارہ عالیہ بھٹ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا ہے۔

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ، بھنسالی پروڈکشنز کی فلم میں گنگوبائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی کی کہانی ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں ایک قحبہ خانے کی مالکن کے گرد گھومتی ہے جو ایک حقیقی کردار پر مبنی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بابوجی راؤجی شاہ نے مصنف حسین زیدی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے جن کے ناول 'دی مافیا کوئنز آف ممبئی' پر یہ فلم بنائی جارہی ہے۔

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

علاوہ ازیں بابوجی راؤجی نے رپورٹر جین بورجز پر بھی کیس کیا ہے جن کی تحقیق ہی اس کتاب کی بنیاد تھی۔

دی پرنٹ کے مطابق بابو جی راؤ جی نے الزام عائد کیا ہے کہ دی مافیا کوئنز آف ممبئی کے کچھ حصے توہین آمیز ہیں اور ان کے رازداری، عزت نفس اور آزادی کے حق کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کتاب کی اشاعت اور تقسیم کو مکمل طور پر ختم کرانے کا مطالبہ کیا، اور گنگوبائی کی زندگی سے متعلق ابواب حذف کرنے اور فلم کی پروڈکشن روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔

بابو جی کے وکیل نریندر دوبے نے کہا کہ آئندہ ہفتے میں وہ توہین آمیز، خواتین کو غیرمہذب نمائندگی، فحش اور غیر مہذب مواد پر مجرمانہ شکایت بھی دائر کرسکتے ہیں۔

کیس کی پہلی سماعت بومبے سول کورٹ میں ہوئی اور مدعا علیہان سے اپنے خلاف دائر کیے گئے الزامات پر 7 جنوری کو جواب طلب کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گنگو بائی کاٹھیا واڑی، سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ عالیہ بھٹ کی پہلی فلم ہے۔

اس سے قبل ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں عالیہ بھٹ نے کورونا وائرس کے باوجود فلم کی شوٹنگ سے متعلق کہا تھا کہ' ٹیم کے ساتھ اکٹھا ہونا اور سیٹ پر واپس ہونا بہت اچھا ہے'۔

انہوں نے کہا تھا ہم پر متعدد پابندیاں ہیں، ہر کوئی احتیاط کررہا ہے، تمام طرح کی احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں لیکن ہم نے قبول کرلیا ہے کہ یہ نئے معمولاتِ زندگی ہیں اور ہم اس صورتحال میں بہترین کی کوشش کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ گنگوبائی کاٹھیاواڑی فلم ستمبر میں ریلیز ہونی تھی لیکن عالمی وبا کی وجہ سے فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی آئندہ برس ریلیز ہوگی تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024