• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: پاکستان میں مزید 58 اموات، فعال کیسز 39 ہزار 329 رہ گئے

شائع December 27, 2020
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ کیسز اور اموات ایک مرتبہ پھر بڑھ رہی ہیں تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 853 مریض اس وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 58 مریض انتقال کرگئے تاہم ایک ہزار 643 مریض ایسے تھے جو وبا سے شفایاب بھی ہوگئے۔

یوں ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار 335 ہے جس میں سے 4 لاکھ 22 ہزار 132 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 874 تک پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا اور جون میں اس کا پھیلاؤ عروج پر جا پہنچا تھا تاہم جولائی سے کیسز میں کمی آتی گئی اور ستمبر تک بہتری کا یہ سلسلہ جاری رہا۔

اکتوبر اور خاص طور پر نومبر میں وبا کی شدت میں دوبارہ تیزی آگئی اور حکومت کی جانب سے دوبارہ تعلیمی اداروں کی بندش کے علاوہ متعدد پابندیاں عائد کردی گئیں جبکہ دسمبر میں بھی صورتحال پریشان کن ہے۔

آج 27 دسمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

پاکستان میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 812 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 241 تک پہنچ گئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس عالمی وبا کے باعث مزید 7 مریضوں کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 469 تک پہنچ گئی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 524 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 665 ہوگئی۔

تاہم صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 42 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 900 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 340 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 57 ہزار 215 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 6 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 602 پر جا پہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 18 ہزار 75 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں ایک فرد کا اضافہ ہو اور مجموعی اموات کی تعداد 182 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 136 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 117 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جس کے بعد یہاں اموات 404 پر برقرار ہے۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 24 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 172 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض کے انتقال کرنے سے اموات کی مجموعی تعداد 216 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 3 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 850 ہوگئی۔

تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 643 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 22 ہزار 132 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 471335

صحتیاب: 422132

اموات: 9874

فعال کیسز: 39329

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 241 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 665 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 57 ہزار 215 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 75 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 37 ہزار 117، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 172 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 850 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3469

پنجاب:3900

خیبرپختونخوا: 1602

بلوچستان: 182

اسلام آباد: 404

آزاد کشمیر: 216

گلگت بلتستان: 101

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024