• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

لاطینی امریکا کے تین ممالک میں کورونا ویکسین کا استعمال شروع

شائع December 26, 2020
چلی، میکسیکو اور کوسٹا ریکا نے 24 دسمبر سے ویکسینیشن شروع کردی—فوٹو: اے ایف پی
چلی، میکسیکو اور کوسٹا ریکا نے 24 دسمبر سے ویکسینیشن شروع کردی—فوٹو: اے ایف پی

یورپی ملک برطانیہ اور مشرق وسطی ممالک سعودیہ، بحرین اور متحدہ عرب امارات کے بعد اب لاطینی امریکی ممالک نے بھی کورونا ویکسین کا استعمال شروع کردیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لاطینی امریکی ملک میسکیکو، کوسٹا ریکا اور چلی نے کرسمس کے موقع پر سے ویکسینیش کا آغاز کیا۔

لاطینی امریکی ممالک میں میکسیکو کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔

وہاں کورونا سے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں اور اسے دوسری لہر کا بھی سامنا ہے، ساتھ ہی وہاں برطانیہ میں دریافت ہونے والے نئے وائرس کے پہنچنے کے امکانات بھی ہیں۔

رائٹرز کی ایک اور رپورٹ کے مطابق سب سے پہلے لاطینی امریکی ملک چلی میں 24 دسمبر کو ویکسینیشن کا آغاز ہوا اور اسے جرمن و امریکی کمپنی کی ویکسین کے 10 ہزار ڈوز بھی اسی دن ہی ملے۔

چلی نے فائزر و بائیو این ٹیک کے ساتھ ایک کروڑ ڈوز کا معاہدہ کر رکھا ہے، تاہم اسے ابتدائی طور پر 10 ہزار ڈوز ملے اور پہلے مرحلے میں طبی رضاکاروں، ریسکیو و سیکیورٹی اہلکاروں سمیت عمر رسیدہ افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے۔

چلی کے بعد اسی دن ہی یعنی 24 دمسبر کو میکسیکو نے بھی ویکسینیشن کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین کا استعمال 'اخلاقی طور' پر قابل قبول ہے، ویٹی کن

میکسیکو میں پہلی ویکسین ایک 59 سالہ خاتون نرس کو لگائی گئی اور انہیں ویکسین لگانے کی نشریات سرکاری ٹی وی چینل پر براہ راست دکھائی گئی۔

چلی اور میکسیکو کی طرح کوسٹا ریکا نے بھی 24 دسمبر کی رات سے ویکسینیشن کا عمل شروع کردیا۔

تینوں ممالک میں امریکی کمپنی فائزر و جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی ویکسینیشن کا آغاز ہوا اور تینوں ممالک نے گزشتہ ہفتے ہی ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

کوسٹا ریکا نے جرمن و امریکی کمپنی کے علاوہ روسی کمپنی کی ویکسین کو استعمال کرنے کی منظوری بھی دے رکھی ہے اور اسے روس کی ویکسین کے 3 لاکھ ڈوز مل بھی چکے ہیں۔

اگرچہ لاطینی امریکا میں بھی ویکسینیشن شروع ہوچکی، تاہم تاحال خطے کے اہم اور بڑے ملک برازیل نے تاحال ویکسین کے استعمال کی منظوری نہیں دی۔

کورونا سے تحفظ کی ویکسین کا استعمال لاطینی امریکی ممالک سے قبل یورپ اور مشرق وسطیٰ میں بھی ہوچکا ہے جب کہ ویکسین کا تاحال افریقہ اور جنوبی ایشیائی خطے میں استعمال شروع نہیں ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024