سال 2020 میں کون سے پاکستانی گانے سب سے زیادہ سنے گئے؟
سال 2020 اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے اور اس کا زیادہ تر حصہ عوام نے کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں میں گزارا اور ایسے وقت میں میوزک ہی وہ چیز ہے جو وقت کو بہتر انداز میں گزارنے میں مدد دیتی ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارم پٹاری نے اپنے #2020Rewind راؤنڈ اپز جاری کیے ہیں کہ عالمی وبا کے دوران لوگوں نے سب سے زیادہ کون سے گانے سنے اور کن فنکاروں کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔
گلوکار شمعون اسمٰعیل اس سال کے سب سے مقبول فنکار رہے، ان کا گانا 'رنگ' پٹاری پر سب سے زیادہ سنا گیا جبکہ ان کا ایک اور گانا 'میریوانا' (Marijuana) اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا۔
دوسری جانب گلوکار بلال سعید اور مومنہ مستحسن کا گانا 'باری 2' اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا۔
اس فہرست میں شامل دیگر نمایاں فنکاروں میں مصطفیٰ اور یشال زاہد، عاطف اسلم، گوہر ممتاز، فواد خان، آئمہ بیگ سمیت اسٹرنگز، بایان اور قراقرم بینڈز شامل ہیں۔
علاوہ ازیں 2020 میں 'باری' کو سب سے زیادہ سرچ کیا گیا، اس کے بعد ڈراما سیریل 'الف' کا او ایس ٹی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہا جسے گلوکار شفقت امانت علی نے گایا ہے۔
تیسرے نمبر پر گلوکار عاطف اسلم کا گانا 'عادت' سرچ کیا گیا ہے جو 2004 میں ریلیز ہوا تھا اور اب تک کافی مقبول ہے۔
تاہم پٹاری پر سرچ کیے جانے والے 10 فنکار کچھ مختلف ہیں اور علی سیٹھی کو اس سال سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
لیجنڈ استاد نصرت فتح علی خان اس فہرست میں دوسرے جبکہ شمعون اسمٰعیل تیسرے نمبر پر رہے۔
اس فہرست میں عابدہ پروین، فارس شفیع، سجاد علی، علی ظفر، عاطف اسلم، نازیہ حسن اور راحت فتح علی خان شامل ہیں۔
دوسری جانب پٹاری پر سال 2020 میں سب زیادہ سرچ کیے جانے والے میوزک بینڈز میں 'اسٹرنگز' پہلے اور 'جنون' دوسرے نمبر پر ہے۔
اس سال سرچ کیے جانے والے بینڈز میں جل، نوری، وائٹل سائنز، بایان اور خماریاں بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب سال 2020 میں سرچ کیے جانے والے 10 ینگ سپر اسٹارز کی بھی فہرست جاری کی گئی ہے، جن میں ینگ اسٹنرز پہلے نمبر پر ہیں۔
اس فہرست میں شمعون اسمٰعیل دوسرے اور عبداللہ قریشی تیسرے نمبر پر ہیں۔