• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: ملک میں 41 روز بعد یومیہ کیسز کی سب سے کم تعداد

شائع December 21, 2020
پاکستان میں 10 نومبر کے بعد یومیہ کیسز کی یہ سب سے کم تعداد ہے—فوٹو: اے پی
پاکستان میں 10 نومبر کے بعد یومیہ کیسز کی یہ سب سے کم تعداد ہے—فوٹو: اے پی

دنیا کے بیشتر ممالک سمیت پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس کے کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں میں اعداد و شمار میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 34 ہزار 772 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے ایک ہزار 680 کے نتائج مثبت آئے جبکہ 62 افراد اس وائرس کے باعث انتقال کرگئے تاہم خوش آئند بات یہ رہی کہ مزید ایک ہزار 680 مریض صحتیاب ہوگئے۔

واضح رہے کہ 9 نومبر کے بعد یومیہ کیسز کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔

یوں اب تک ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 لاکھ 58 ہزار 968 ہوگئی جس میں سے 4 لاکھ 9 ہزار 85 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 9 ہزار 392 کا انتقال ہوا ہے جبکہ فعال کیسز کی مجموعی تعداد 40 ہزار 491 ہے۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو چین میں گزشتہ برس دسمبر سے شروع ہونے والی اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو پاکستان میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد ابتدائی ایک مہینے تک اس وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی نہیں دیکھی گئی تھی تاہم اپریل سے جون تک اس وائرس میں تیزی آئی اور جون کے مہینے میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں۔

تاہم پھر جولائی کے آخر میں اس وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور صورتحال کافی حد تک معمول کے مطابق ہوگئی تھی۔

جس کے بعد ستمبر کے وسط میں ایک مرتبہ پھر کیسز میں کچھ اضافہ شروع ہوا جو اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورت اختیار کرگیا اور اب دسمبر میں بھی یہی سلسلہ جاری ہے۔

یومیہ اعداد و شمار کو دیکھیں تو 21 دسمبر کو مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے، وہاں 24 گھنٹوں میں مزید 731 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 840 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ 11 نومبر کے بعد سندھ میں کیسز کی یہ یومیہ سب سے کم تعداد ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبے میں اس عالمی وبا کے باعث ایک روز میں 14 اموات ہوئیں اور یوں صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 333 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 505 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 933 ہوگئی۔

صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 34 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 3 ہزار 638 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 235 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 55 ہزار 183 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 10 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 546 تک جا پہنچی۔

بلوچستان

صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 17 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 926 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور یوں مجموعی اموات کی تعداد 179 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 140 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 257 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں کورونا سے مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر391 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے 41 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 8 ہزار 2 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 2 مریض زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 206 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں وبا کے 5 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 827 ہوگئی۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 99 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 680 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 4 لاکھ 9 ہزار 85 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 458968

صحتیاب: 409085

اموات: 9392

فعال کیسز: 40491

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 4 ہزار 840 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 933 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 55 ہزار 183 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 926 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 36 ہزار 257 ، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 2 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 827 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 3333

پنجاب:3638

خیبرپختونخوا: 1546

بلوچستان: 179

اسلام آباد: 391

آزاد کشمیر: 206

گلگت بلتستان:99

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024