سام سنگ کا پہلا 5 بیک کیمروں والا فلیگ شپ فون
سام سنگ نے اکتوبر 2018 میں دنیا کا پہلا 4 بیک کیمروں والا فون گلیکسی اے 9 (2018) متعارف کرایا تھا۔
جنوبی کورین کمپنی اپنا پہلا 5 بیک کیمروں والا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 21 الٹرا کی شکل میں آئندہ ماہ پیش کررہی ہے۔
گلیکسی ایس 21 سیریز کے فونز کے حوالے سے لیکس تو کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں مگر اب ایک لیک میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
اس نئی لیک میں زیادہ بہتر اندازہ ہوتا ہے کہ نے فلیگ شپ فونز میں کیمرا سسٹم کیسا ہوگا۔
خاص طور پر گلیکسی ایس 21 الٹرا اس کمپنی کا پہلا فون ہوگا جس میں بیک پر 5 کیمرے موجود ہوں گے۔
اس فون میں آپٹیکل زوم کے لیے 3 ایکس اور 10 ایکس ٹیلی فوٹو کیمرے دیئے جائیں گے، دونوں میں آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن بھی ہوگا۔
ان کے علاوہ مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہوگا جس میں ذرا چوڑا 24ایم ایم لینس ہوگا جبکہ لیزر اسٹڈ آٹوفوکس کا فیچر بھی کیمرے کا حصہ ہوگا۔
اسی طرح 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا 120 ڈگری فیلڈ آف ویو فراہم کرے گا اور اس میں بھی آٹوفوکس موجود ہوگا، البتہ 5 ویں کیمرے کے بارے میں لیک میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
فون کے فرنٹ پر 40 میگا پکسل کیمرا ہوگا۔
کیمرے سے ہٹ کر نئی لیک میں یہ بتایا گیا کہ ایس 21 الٹرا میں 6.8 انچ کا ڈسپلے 120 ریفریش ریٹ کے ساتھ ہوگا، جس کے ساتھ ایس پین سپورٹ موجود ہوگی، تاہم اسے الگ سے خریدنا ہوگا۔
خیال رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ ایپل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایس 21 سیریز کے فونز کے ساتھ وال چارجر باکس میں نہیں دے گی۔
گلیکسی ایس سیریز کے فونز کی تاریخ رونمائی کا اعلان تو ابھی تک کمپنی نے نہیں کیا مگر مختلف رپورٹس کے مطابق یہ 14 جنوری کو متعارف کرائے جائیں گے۔
جنوبی کورین کمپنی عموماً ایس سیریز کے فونز فروری میں بارسلونا میں ہونے والے موبائل ورلڈ کانگریس ایونٹ سے متعارف ہوتے ہیں، مگر آئندہ سال یہ ایونٹ جون میں ہوگا۔
تو اس کو مدنظر رکھتے ہوئے سام سنگ نے لاس ویگاس میں 11 سے 14 جنوری کو شیڈول ٹیکنالوجی کی سب سے بڑی نمائش سی ای ایس میں فلیگ شپ فونز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔