• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ویزوں کے اجرا پر عارضی پابندی کورونا وائرس کی باعث لگائی گئی، اماراتی وزیر خارجہ

شائع December 20, 2020
امارات کے وزیر خارجہ نے یہ بیان پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تناظر میں جاری کیا—تصویر: امارات نیوز ایجنسی
امارات کے وزیر خارجہ نے یہ بیان پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تناظر میں جاری کیا—تصویر: امارات نیوز ایجنسی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان نے واضح کیا ہے کہ ویزوں کے اجرا پر عارضی پابندی عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث لگائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ 18 نومبر کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا تھا۔

اماراتی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے یو اے ای کے حالیہ دورے کے موقع پر کووِڈ 19 سے پیدا ہونے والی مشکلات اور اس کے اثرات پر گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان، یو اے ای کا تعلقات مضبوط بنانے کیلئے ادارہ جاتی میکانزم تشکیل دینے پر اتفاق

علاوہ ازیں دونوں برادر ممالک اور ان کے عوام کی خواہشات کے حصول کے لیے مزید مشترکہ تعاون کے پہلوؤں، باہمی دلچسپی کے معاشی اور سرمایہ کاری کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امارات کے وزیر خارجہ نے یہ بیان پاکستانی وزیر خارجہ کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تناظر میں جاری دیا۔

اماراتی وزیر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تعلقات گزشتہ دہائیوں میں مسلسل مضبوط ہوئے ہیں اور اس کی ترجمانی کثیر الجہتی تعاون میں ہوتی ہے اور خطے میں عرب-ایشیائی تعلقات کا منفرد معاملہ ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفادات اور نظریات انہیں برداشت رواداری، جامعیت اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ترقی پر مبنی ایک ایجنڈے کے اصولوں کے ذریعے علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے حامل امور پر یکجا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: یو اے ای نے پاکستان سمیت 12 ممالک کیلئے وزٹ ویزے کا اجرا معطل کردیا

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 17 دسمبر کو 2 روزہ دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔

دورے کے دوران انہوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے فرمان روا شیخ محمد بن راشد المکتوم اور اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زائد النہیان سے اہم ملاقاتیں کی تھیں۔

اس دورے کے دوران شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں موجود پاکستانی برادری کی مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

یہ بھیی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزا کے اجرا کا عمل عارضی طور پر غیر معینہ مدت کے لیے روک دیا تھا۔

اس ضمن میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یو اے ای انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

AhMed Dec 21, 2020 09:18am
بھارت اور بنگلادیش کے ویزے کھلے ہوئے ہیں۔ کیا وہاں وائرس نہیں ہے؟ سب جھوٹ ہے۔ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ اور گوادر کو بند کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024