• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نصف سال کی تاخیر کے بعد 'ونڈر وومن 1984' ریلیز

شائع December 18, 2020
فلم کو 16 دسمبر کو اسٹریمنگ ویب سائٹ سمیت محدود تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ اے پی
فلم کو 16 دسمبر کو اسٹریمنگ ویب سائٹ سمیت محدود تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ اے پی

اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت کی سائنس فکشن سپر ہیرو فلم 'ونڈر وومن 1984' کو بالآخر 6 ماہ کی تاخیر کے بعد 16 دسمبر کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او میکس سمیت سینما تھیٹرز میں ریلیز کردیا گیا۔

سائنس فکشن سپر ہیرو فلم کو ابتدائی طور پر رواں برس جون میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم اس وقت دنیا بھر میں پھیلی ہوئی کورونا کی وبا کے باعث اس کی ریلیز ملتوی کردی گئی تھی۔

بعد ازاں ’ونڈر وومن 1984‘ کو اگست 2020 میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اگست میں بھی امریکا سمیت دنیا بھر میں کورونا کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی ہونے کے باوجود سینما ہاؤسز نہیں کھولے گئے تھے جس کی وجہ سے ’ونڈر وومن‘ کی ریلیز کو اکتوبر تک مؤخر کیا گیا تھا۔

لیکن اکتوبر میں بھی امریکا سمیت دنیا بھر میں سینما نہ کھلنے کی وجہ سے فلم کی کمپنی نے اس کی ریلیز کو مزید 2 ماہ تک مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ فلم کو ممکنہ طور پر دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 'ونڈر وومن 1984' کو کرسمس پر ریلیز کرنے کا اعلان

بعد ازاں فلم کی پروڈکشن کمپنی وارنر برادرز نے تصدیق کی تھی کہ فلم کو کرسمس کی مناسبت سے 16 دسمبر سے دنیا بھر میں ریلیز کرنا شروع کردیا جائے گا اور اب فلم کو ریلیز کردیا گیا۔

فلم کو سیریز کی پہلی فلم سے بہتر قرار دیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ اے پی
فلم کو سیریز کی پہلی فلم سے بہتر قرار دیا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب/ اے پی

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے ’ونڈر وومن 1984‘ کے تبصرے کو شائع کرتے ہوئے بتایا کہ فلم کو ابتدائی طور پر اسٹریمنگ ویب سائٹ ایچ بی او میکس پر ریلیز کیا گیا۔

ساتھ ہی فلم کو شمالی امریکا کے مختلف ممالک میں محدود سینما تھیٹرز پر بھی ریلیز کیا گیا۔

تقریبا 2 گھنٹے دورانیے کی فلم کو 25 دسمبر تک یورپ، ایشیا و افریقہ کے دیگر ممالک میں بھی ریلیز کردیا جائے گا اور فلم کو کرسمس کا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے۔

فلم کے حوالے سے اے پی اور شوبز ویب سائٹ ورائٹی کی جانب سے شائع کیے گئے تبصروں میں اس کی کہانی، کاسٹیوم، ایکشن اور اداکاری کی تعریف کی گئی ہے اور اسے 2017 کی پہلی فلم ’ونڈر وومن‘ سے زیادہ بہتر قرار دیا گیا ہے۔

یہ پہلے ہی بتایا گیا تھا کہ فلم کو فلم کو اب کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا — اسکرین شاٹ
یہ پہلے ہی بتایا گیا تھا کہ فلم کو فلم کو اب کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا — اسکرین شاٹ

یہ فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ونڈر وومن‘ کا سیکوئل ہے اور اس میں بھی اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

اس بار فلم میں جہاں گال گدوت کو ایکشن میں اپنے حریفوں کو مات دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے، وہیں انہیں رومانس میں مبتلا دکھایا گیا ہے۔

فلم میں 47 سالہ اداکارہ کرسٹین وگ کو بھی سپر ولن لیڈی کے طور پر دکھایا گیا ہے جو فلم میں سپر لیڈی ہیرو کو تنگ کرتی دکھائی دیں۔

مزید پڑھیں: سپر ہیرو فلم ’ونڈر وومن 1984‘ کو اکتوبر میں ریلیز کرنے کا اعلان

اس بار شائقین نے فلم میں گال گدوت کو نہ صرف ایکشن میں دیکھا بلکہ اس بار انہوں نے اداکارہ کو ایک عام خاتون کی طرح رومانس کرتے بھی دیکھا۔

فلم کو آن لائن اور شمالی امریکی ممالک میں ریلیز کرنے کے بعد اب جلد ہی اسے یورپ کے کچھ ممالک کے محدود سینما تھیٹرز میں بھی ریلیز کردیا جائے گا۔

فلم میں اسرائیلی اداکارہ حریفوں کو مزا چکھاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ
فلم میں اسرائیلی اداکارہ حریفوں کو مزا چکھاتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

گزشتہ ہفتے خبریں سامنے آئی تھیں کہ اس فلم کو بڑے پیمانے پر سینما تھیٹرز میں ریلیز کرنے کے بجائے آن لائن ریلیز کرنے پر فلم کی پروڈکشن کمپنی نے اداکارہ گال گدوت اور فلم کی ہدایت کارہ پیٹی جینکسن کو فی کس 10 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک ارب 60 کروڑ روپے کی ادائیگی بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی اداکارہ کو ایک فلم کیلئے ایک ارب 60 کروڑ روپے ادائیگی

رپورٹس کے مطابق پروڈکشن کمپنی نے اداکارہ و فلم ساز کو اس لیے اتنی خطیر رقم کی ادائیگی کی، کیوں کہ پروڈکشن کمپنی نے ان کے ساتھ فلم کو سینما تھیٹرز میں ریلیز کرنے کا معاہدہ کر رکھا تھا تاہم وبا کی وجہ سے فلم کو آن لائن ریلیز کرنا پڑا تو کمپنی کو دونوں خواتین کے ساتھ معاہدے میں ترمیم کرنی پڑی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024