• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پاکستان، یو اے ای کا تعلقات مضبوط بنانے کیلئے ادارہ جاتی میکانزم تشکیل دینے پر اتفاق

شائع December 18, 2020
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا—تصویر: شاہ محمود ٹوئٹر
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا—تصویر: شاہ محمود ٹوئٹر

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زائد النہیان سے ملاقات کی۔

شاہ محمود قریشی اس وقت دو روزہ دورے پر یو اے ای میں موجود ہیں، یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے کہ جب امارات کی جانب سے پاکستان سمیت 12 ممالک کو وزٹ ویزے کا اجرا معطل کردیا گیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو یو اے ای میں موجود پاکستانی برادری کی مشکلات سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور یو اے ای نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی میکانزم تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ کی متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم و نائب صدر سے ملاقات

رپورٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعلقات کے علاوہ متعدد شعبہ جات میں تعاون اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گہرے، تاریخی اور بردرانہ تعلقات ہیں اور یو اے ای نے ہمیشہ ضرورت پڑنے پر پاکستان کی مدد کی ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ پاکستانی رہائش پذیر ہیں جو گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک کی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ میں بھی یو اے ای میں موجود پاکستانیوں کا کردار اہم ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال ہوا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے

اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر میں امن و امان کی مخدوش صورت حال سے آگاہ کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کیا۔

دوسری جانب ایک ٹوئٹر پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ کی ملاقات سے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے، ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات کے دوران 'جنوبی ایشیا اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے علاوہ افغانستان میں قیام امن پر بھی گفتگو ہوئی اور پاکستان نے کووِڈ 19 کے دوران یو اے ای کے تعاون کو سراہا'۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر دبئی پہنچے تھے اور پہلے روز انہوں نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے فرمان روا شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024