• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لاہور ہائیکورٹ میں بابراعظم کے اہلخانہ کے خلاف خاتون کی ہراسانی کی درخواست

شائع December 16, 2020 اپ ڈیٹ December 17, 2020
بابراعظم پر خاتون نے پریس کانفرنس کرکے الزامات عائد کیے تھے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
بابراعظم پر خاتون نے پریس کانفرنس کرکے الزامات عائد کیے تھے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر ہراساں کرنے کے الزمات لگانے والی خاتون نے لاہور ہائی کورٹ میں کرکٹر کے اہلخانہ کے خلاف بھی ہراساں کرنے کی درخواست دائر کردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں حامزہ مختار نے آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور، محمد اعظم، فیصل اعظم سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون کے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم پر جنسی تعلق سمیت دیگر سنگین الزامات

درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور کی سیشن عدالت میں بابر اعظم کے اہل خانہ کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد اعظم، فیصل اعظم، کامل اکرم اور محمد نوید کی جانب سے مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے تھانہ نصیر آباد پولیس کو درخواست دی ہے کہ دھمکی آمیز پیغام موصول ہورہے ہیں۔

خاتون نے الزام عائد کیا کہ بابر اعظم کے اہل خانہ کی ایما پر ایس ایچ او ڈیفنس اے، ایس ایچ او نصیر آباد مجھے ہراساں اور بلیک میل کر رہے ہیں۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ عدالت ایس ایچ او اور بابر اعظم کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

درخواست گزار خاتون نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور کو حکم دے کہ مجھے اور میرے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کریں۔

انہوں نے درخواست میں کہا ہے کہ عدالت آئی جی پنجاب، سی سی پی لاہور کو ایس ایچ او ڈیفنس اے اور نصیر آباد کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

مزید پڑھیں: بھارتی میڈیا صبح شام بابر اعظم کا کیس چلا رہا، وکیل حارث عظمت

یاد رہے کہ خاتون حامزہ مختار نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور کہا تھا کہ 2010 میں بابر اعظم نے انہیں پروپوز کیا جسے انہوں نے قبول کر لیا، ہم شادی کا فیصلہ کرچکے تھے لہٰذا ہم نے اپنے خاندانوں کو آگاہ کیا لیکن دونوں کے خاندانوں نے صاف انکار کیا جس کے بعد بابر اعظم اور میں نے کورٹ میرج کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2011 میں بابر اعظم مجھے کورٹ میرج کا کہہ کر میرے گھر سے بھگا کر لے گئے اور ہم مختلف مقامات پر کرائے کے مکانوں میں قیام پذیر رہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ اصرار کے باوجود بابر اعظم نے ان سے نکاح نہیں کیا اور دعویٰ کیا کہ 2014 سے پہلے نوکری کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنا سیلون کھولا جس سے وہ کرکٹرز کے اخراجات برداشت کرتی رہیں۔

حامزہ نے دعویٰ کیا کہ 2014 میں جب بابر اعظم کا نام پاکستانی کرکٹ ٹیم میں آیا تو ان کا رویہ آہستہ آہستہ تبدیل ہونا شروع ہوگیا تھا، میں 2016 میں حاملہ ہوگئی تھی جب میں نے بابر اعظم کو بتایا تو سن کر ان کا رویہ بہت عجیب ہوگیا، مجھے مارا پیٹا اور میں ان کے اصرار پر اسقاط حمل پر مجبور ہو گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'بالآخر تنگ آکر 2017 میں، میں نے بابر اعظم کے خلاف پولیس رپورٹ کی اور شکایت دیکھنے والے افسر نے بابر اعظم کو پیش کرنے کا کہا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے لیکن اسی رات بابر اعظم نے اس افسر کے سامنے ہمارے مشروط صلح نامے پر دستخط کروائے تھے، جس میں شرط یہ طے کی گئی تھی کہ بابر مجھ سے شادی کرلیں گے'۔

بعد ازاں انہوں نے اندراج مقدمہ کے لیے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے بابراعظم اور اہلخانہ کو خاتون کو ہراساں کرنے سے روک دیا

حامزہ مختار نامی خاتون نے سی سی پی او لاہور کو درخواست میں فریق بناتے ہوئے کہا تھا کہ ملزم بابر نے انہیں شادی کے بہانے 2012 سے مستقل جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس دوران وہ حاملہ بھی ہوئیں اور بعد ازاں انہوں نے ملزم کی ایما پر اسقاط حمل بھی کروایا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ملزمان کے خلاف پولیس میں ایف آئی آر کے اندراج کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے اس سلسلے میں کوئی شکایت درج نہ کی۔

درخواست میں تھانہ نصیر آباد پولیس کو بابر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024