• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

جامعہ کراچی کے دروازے پر کریکر حملہ، 2 رینجرز اہلکار زخمی

شائع December 15, 2020
جامعہ کراچی کے شیخ زاید اسلامک سینٹر کے دروازے پر کریکر حملہ کیا گیا—اسکرین شاٹ
جامعہ کراچی کے شیخ زاید اسلامک سینٹر کے دروازے پر کریکر حملہ کیا گیا—اسکرین شاٹ
حملے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے—اسکرین شاٹ
حملے کے بعد پولیس اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے—اسکرین شاٹ

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جامعہ کراچی کے شیخ زاید اسلامک سینٹر کے دروازے پر کریکر حملے کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔

اس حوالے سے تھانہ مبینہ ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ 2 موٹر سائیکل سواروں نے جامعہ کراچی کے شیخ زاید اسلامک سینٹر کے دروازے پر کریکر پھینکا جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کردیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: چینی ریسٹورنٹ کے قریب گاڑی میں نصب بم ناکارہ بنا دیا گیا

خیال رہے کہ کچھ گھنٹوں قبل ہی شہر میں تخریب کاری کا ایک منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا اور کلفٹن بلاک 2 میں بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب چینی ریسٹورنٹ کے قریب گاڑی میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب واقع چینی ریسٹورنٹ کے باہر کھڑی مالک کی ویگو گاڑی میں بم کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنایا تھا۔

واقعے سے متعلق یہ تفصیلات سامنے آئی تھیں کہ موٹر سائیکل پر موجود 2 مشتبہ افراد نے گاڑی نمبر کے بی-3088 میں بم نصب کیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ مشکوک ڈبل کیبن گاڑی پر میگنیٹک ڈیوائس چسپاں کی گئی تھی، جو ذرائع کے مطابق ایک کلوسے زائد بارودی مواد کی تھی۔

پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ ملزمان نے دور جا کر ریموٹ کی مدد سے بم پھاڑنےکی کوشش کی لیکن بم کے ساتھ منسلک ڈیٹونیٹر پھٹا مگر مکمل ڈیوائس نہ پھٹ سکی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق

قبل ازیں رواں سال 21 اکتوبر کو کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب رہائشی فلیٹس میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل 20 اکتوبر کو کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ماہ اگست کے اوائل میں کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں دستی بم حملے میں 33 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024