تحریک انصاف کی فنڈنگ کا معاملہ دیکھنے کیلئے کمیٹی کا اجلاس 24 دسمبر کو طلب
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی فنڈنگ کی جانچ پڑتال (اسکروٹنی) جاری ہے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے پر کام کرنے والی کمیٹی کا آئندہ اجلاس 24 دسمبر کو ہوگا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں ای سی پی کے ڈائریکٹر برائے پبلک ریلیشن الطاف احمد کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے متعدد سماعتیں کی تھیں اور عبوری رپورٹس کمیشن کو جمع کروائی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ معاملے پر ای سی پی کے 27 اگست کے آخری حکم کے بعد سے جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے، مزید یہ کہ ایس ای پی سیکریٹریٹ کے حکام/افسران کے کووڈ 19 کا شکار ہونے کے بعد کمیٹی نے ’عبوری طور پر مزید سماعت اگلے حکم تک ملتوی کردی‘۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کے اکاؤنٹس کا آڈٹ کرنے والی کمیٹی کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی
بیان میں کہا گیا کہ سماعتوں میں ’چیئرمین اور کمیٹی اراکین کے علاوہ جماعتیں، ان کے وکیل اور معاونین شرکت کرتے ہیں اور کبھی کبھار یہ تعداد 14 سے 15 تک بڑھ جاتی ہے‘۔
مذکورہ بیان کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اور الیکشن کمیشن سیکریٹری کی جانب سے عملدرآمد کے لیے اپنائے گئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی روشنی میں اب کمیٹی نے 24 دسمبر کو ملاقات اور سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ ’کمیٹی نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ این سی او سی کے جاری ایس او پیز کو سختی سے اپنائے بغیر کسی کو بھی سماعتوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی‘۔
واضح رہے کہ کئی ہفتوں کے وقفوں کے بعد کمیٹی نے بدھ (9 دسمبر) کو ملنا تھا لیکن منگل کو یہ اعلان کیا گیا کہ 3 دسمبر کو کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر کی تعمیل میں اجلاس کو ملتوی کردیا گیا، مذکورہ سرکلر کووڈ 19 کی صورتحال کے باعث تمام سماعتوں کو روکنے کے بارے میں تھا۔
یہی نہیں بلکہ اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا گیا تھا۔
حیران کن بات یہ ہے کہ مذکورہ سرکلر کے تحت تمام ’عدالتی‘ سماعتی 31 دسمبر تک ملتوی کی گئی ہیں لیکن الطاف احمد کے بیان کے مطابق اسکروٹنی کمیٹی اب مذکورہ تاریخ سے ایک ہفتے قبل 24 دسمبر کو ملے گی۔
اس سے قبل جاری سرکلر کے تحت کمیشن کا تربیتی ونگ فوری طور پر 4 روز کے لیے بند کردیا گیا اور ونگ کے اراکین کو تجویز دی گئی کہ وہ ذمہ داریوں پر واپسی سے قبل خود سے کووڈ 19 کا ٹیسٹ کروائیں۔
یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کردی
یاد رہے کہ ای سی پی کا صنفی ونگ، لائبریری اور ڈے کیئر سینٹر بھی 31 دسمبر یا مزید احکامات تک بند کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ای سی پی کے اسٹاف کے متعدد لوگ کووڈ 19 کا شکار ہوئے ہیں جس نے کمیشن کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید اقدامات پر مجبور کیا۔
اس وائرس سے متاثر ہوکر صحتیاب ہونے والوں میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور خصوصی سیکریٹری ظفر اقبال حسین شامل ہیں۔
یہ خبر 10 دسمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔