• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ایل او سی: بھارتی شرانگیزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید

شائع December 10, 2020
شہید ہونے والے لانس نائیک اور سپاہی—تصاویر: آئی ایس پی آر
شہید ہونے والے لانس نائیک اور سپاہی—تصاویر: آئی ایس پی آر

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے ساتھ کھوئی رٹہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی خلاف ورزی پر پاک فوج نے مؤثر جواب دیا اور 2 بھارتی فوجیوں اور سامان کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی خطرے کے پیش نظر پاک فوج ہائی الرٹ

تاہم آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 2 جوان لانس نائیک طارق اور سپاہی زاروف شہید ہوگئے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی حدود میں حملے کے ممکنہ خطرے کے باعث پاک فوج کو پہلے ہی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

بھارت کی جانب سے وقتاً فوقتاً لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس سے قبل 25 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بندوقیں ایک بار پھر بے لگام ہوئی تھیں اور اس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے باگسر سیکٹر میں سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

اس سے قبل 22 نومبر کو بھارت کی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کے قریب آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں شادی کے گھر میں موٹر شیل کی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ابتدائی طور پر 7 سالہ لڑکی کے جاں بحق ہونے کی اطلاع آئی تھی لیکن بعد میں واضح کیا گیا کہ وہ دماغ میں لگنے والی چوٹ کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ، بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

مزید یہ کہ 14 نومبر کو بھارتی فوج نے آزاد جموں و کشمیر کے متعدد سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کی تھی جس سے 5 شہری اور پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگئے تھے۔

اسی روز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے رخ چکری اور خنجر سیکٹر میں راکٹ اور مارٹرز سے تاری بند اور سماہنی گاؤں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔

بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے ایک شہری نے جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت نے 2014 سے 2019 کے دوران 9 ہزار 215 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں ایک ہزار 403 اموات ہوئیں، یہی نہیں بلکہ اب تک بھارت 2 ہزار 830 جنگ بندی کی خلاف ورزی کرچکا ہے جس میں صرف شہری اموات 271 تک ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024