• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ہمارا نظام صحت کورونا وبا کے پھیلاؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا، وزیراعظم

شائع December 8, 2020 اپ ڈیٹ December 9, 2020
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا— فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ کورونا وائرس پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے اور ہمارا صحت نظام وبا کے پھیلاؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں وزرا نے بریفنگز دی۔

مزید پڑھیں: ہم حکومت نہیں ملک بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، شبلی فراز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کابینہ کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 47ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی کوششوں سے تمام او آئی سی ممالک نے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی تسلط کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق عالمی سطح پر اسلاموفوبیا اور ناموس رسالتﷺ کی حساسیت کو اجاگر کیا گیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام ہمیں تمام مذاہب کی عزت اور احترام کی تلقین کرتا ہے، اسی طرح ہم دیگر مذاہب کے پیروکاروں سے بھی امید رکھتے ہیں کہ وہ دین اسلام اور نبی آخرالزمانﷺ کی ذات اقدس کے حوالے سے ادب و احترام کا مظاہرہ کریں اور اس بات کا احساس کریں کہ ان کے کسی فعل سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات خصوصاً آنحضرتﷺ کی ذات کے حوالے سے کوئی بات یا فعل ہمارے لیے دلی اور روحانی تکلیف کا باعث نہ بنے۔

عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلاموفوبیا کے خاتمے کے حوالے سے عالمی سطح پر مکالمہ ضروری ہے۔

وزیراعظم کا آکسیجن کے معاملے پر نوٹس

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کابینہ کو کورونا وائرس کی صورت حال سے آگاہ کیا اور کہا کہ کورونا کی دوسری لہر مہلک ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن میں 89 اموات ہوئی ہیں اور ملک کے تقریباً ہر شہر میں کورونا وبا میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: 'غفلت' کے باعث کورونا مریضوں کی اموات پر ہسپتال ڈائریکٹر سمیت 7 افراد معطل

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا پر سیاست نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے انسانی جانوں کو خطرہ ہے، ہمارے ملک کے صحت کا نظام وبا کے پھیلاؤ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم نے ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی پر نوٹس لیا اور ہدایات کی کہ ہر ہسپتال میں آکسیجن وافر مقدار میں مہیا کی جائے اور اس ضمن میں تمام ہسپتال طریقہ کار وضع کریں۔

وزیر صنعت حماد اظہر نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ آکسیجن استعمال کرنے والی صنعتوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ایمرجنسی حالات میں صنعتیں ہسپتالوں کو مطلوبہ مقدار میں آکسیجن مہیا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی یومیہ ضرورت سے تین گنا زیادہ آکسیجن کی کھیپ موجود ہے۔

مسلح افواج کے ایم فل اہلکاروں کو ماہانہ الاؤنس کی منظوری

کابینہ نے چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تعیناتی کی منظوری دی۔

کابینہ نے مسلح افواج کے ان اہلکاروں کو 2 ہزار 500 روپے ماہانہ ایم فل الاؤنس دینے کی منظوری دی جن کے پاس ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ایم فل کی ڈگری موجود ہے یا وہ مستقبل میں حاصل کریں گے جبکہ سول ملازمین کو پہلے سے ہی یہ سہولت میسر ہے۔

وزارت خزانہ نے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کی تصدیق کے بعد کابینہ کو مالی سال 15-2014 سے لے کر مالی سال 18-2017 تک وفاق اور تمام صوبوں کی مشترکہ مالی تفصیلات کی رپورٹ پیش کی، تاہم کابینہ کے اگلے اجلاس میں اس کا تقابلی جائزہ پیش کیا جائے گا۔

کابینہ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ڈینٹسٹری میں داخلے کے لیے صوبائی کوٹہ مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: معاشرے میں ناجائز طریقے سے پیسہ بنانے والوں کو عزت دی گئی، وزیراعظم

بیان کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی استعداد کار مزید بہتر کرنے کے لیے 6 ڈسکوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کرنے کی منظوری دی گئی۔

ان میں فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، حیدر آباد، پشاور اور کوئٹہ ڈسٹری بیوشن کمپنیاں شامل ہیں، کابینہ نے ان کمپنیوں کے بورڈز میں مقامی نمائندے شامل کرنے کی متفقہ منظوری بھی دی۔

کابینہ نے کمیٹی برائے قانون سازی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

کابینہ نے قومی ایوی ایشن پالیسی 2019 کے تحت دو نجی پاکستانی ہواباز کمپنیوں بشمول سیرین ایئر اور ایئر بلیو کو مزید ملکوں میں بین الاقوامی پروازیں چلانے کی اجازت دی۔

وزیراعظم ہاؤس کے بیان کے مطابق کابینہ نے ایڈیشنل سیکریٹری وزارتِ بحری امور نادر ممتاز وڑائچ کی کراچی پورٹ ٹرسٹ میں بطور چیئرمین تعیناتی کی منظوری دی، یہ اضافی چارج تین ماہ کے لیے دیا گیا ہے اس دوران مستقل چیئرمین کی تعیناتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

کابینہ نے شکیل احمد منگنیجو کی بطور چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن تعیناتی کی منظوری بھی دے دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024