• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

معروف تاجر سراج قاسم تیلی انتقال کرگئے

شائع December 8, 2020
سراج قاسم تیلی کا انتقال دبئی میں ہوا—فائل فوٹو: فیس بک
سراج قاسم تیلی کا انتقال دبئی میں ہوا—فائل فوٹو: فیس بک

ملک کے معروف صنعتکار، تاجر اور چیئرمین بزنس مین گروپ سراج قاسم تیلی دبئی میں انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع نے کراچی ایوان صنعت و تجارت (کے سی سی آئی) کے سابق صدر سراج قاسم تیلی کے انتقال کی تصدیق کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وہ کام کے سلسلے میں دبئی گئے تھے جہاں وہ نمونیا کا شکار ہوگئے، جس کے بعد آج وہ خالق حقیقی سے جاملے۔

سراج قاسم تیلی کا شمار نہ صرف کراچی بلکہ ملک کے بڑے تاجروں میں ہوتا تھا اور وہ کراچی کے حوالے سے ہمیشہ ایک توانا آواز سمجھے جاتے تھے۔

وہ ملک کی معاشی سرگرمیوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے اور انہیں خدمات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

کراچی کے معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے آواز اٹھانے والوں میں سراج قاسم تیلی ہمیشہ سرگرم عمل رہتے تھے۔

تعزیتی پیغامات

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں سراج قاسم تیلی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میری تمام تر دعائیں اور ہمدردیاں مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں'۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معروف تاجر سراج قاسم تیلی کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ مرحوم سراج قاسم تیلی نے ہمیشہ تاجر برادری کے مسائل حل کروانے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معروف تاجر سراج قاسم تیلی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

اپنے ایک بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ مرحوم سراج تیلی ایک اچھے انسان اور بہترین دوست تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم کے خاندان اور تاجر برادری سے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔

وہیں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ایک ٹوئٹ میں سراج قاسم تیلی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے لکھا کہ میں کراچی کی تاجر برادری کو درپیش مسائل پر ان سے مسلسل رابطے میں رہتا تھا اور ان کے تجربے اور مشورے سے سیکھتا تھا۔

ان کی وفات پر کراچی ایوان صنعت و تجارت کے صدر شارق وہرہ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سراج قاسم تیلی اس ملک کا اثاثہ تھے اور وہ صرف کراچی نہیں پورے پاکستان کی تاجر برادری کے لیڈر تھے۔

انہوں نے کہا کہ سراج قاسم تیلی نے اپنی پوری زندگی تاجر برادری کے لیے وقف کی اور انہوں نے 23 سال کراچی ایوان صنعت و تجارت کو دیے اور اسے پاکستان اور دنیا کا نامور چیمبر بنانے میں مدد کی۔

شارق وہرہ کا کہنا تھا کہ پوری تاجر برادری اس وقت سوگوار ہے، ایسے بہادر لیڈر بہت کم ہوتے ہیں، ہمیں بالکل یقین نہیں آرہا کہ سراج قاسم تیلی ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024