• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سندھ بھر میں آج سندھی ثقافت کا دن منایا جارہا ہے

شائع December 6, 2020
اس موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے— فوٹو: ڈان نیوز
اس موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے— فوٹو: ڈان نیوز
ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو ’ثقافتی دن‘ منایا جاتا ہے—فوٹو: پی پی آئی
ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو ’ثقافتی دن‘ منایا جاتا ہے—فوٹو: پی پی آئی

سندھ بھر کے عوام آج (بروز اتوار) کو سندھی ثقافتی دن منارہے ہیں جسے مقامی لوگ اپنی 'ثقافتی عید' بھی کہتے ہیں۔

صوبہ سندھ میں ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو ’ثقافتی دن‘ کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

یہ دن سالانہ بنیادوں پر سندھی تہذیب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے بنایا جاتا ہے جو لگ بھگ 5 ہزار سال پرانی ہے۔

اس موقع پر صوبائی پر دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، میرپوخاص، سکھر، نوابشاہ، خیرپور، لاڑکانہ، شکارپور، دادو، ٹھٹہ، گھوٹکی، اور تھرپارکر سمیت صوبے کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کے پریس کلب اور آرٹس کونسل سمیت دیگر ثقافتی اداروں میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

سندھی ثقافتی دن کے موقع پر غیر سرکاری تنظیموں اور سندھی میڈیا ہاؤسز میں بھی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

سندھ کی ثقافتی دن کے موقع پر نوجوان اور بچے روایتی لباس زیب تن کرتے ہیں اور اجرک اور ٹوپی سجائے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرتے اور خوشی مناتے دکھائی دیتے ہیں۔

یہ دن منانے کا آغاز پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) کے دورِ حکومت میں 2009 میں کیا گیا تھا جس کے بعد سے ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو یہ دن منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر صوبہ سندھ سمیت دنیا بھر میں یہاں سے تعلق رکھنے والے افراد اس دن کی مناسبت سے روایتی ٹوپی اور اجرک زیب تن کرتے ہیں اور قدیم ثقافت سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل کی جانب سے بھی بھائی چارے اور ہم آہنگی کا خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر قوم کا اپنا اپنا کلچر ہوتا ہے اور ہماری سندھی ثقافت دنیا کی قدیم ترین ثقافتوں میں سے ایک ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ دیکھا جائے تو سندھ کی ثقافت 5 ہزار سال قدیم ہے اور آج سندھی کلچر ڈے منایا جارہا ہے۔

عمران اسمٰعیل نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ دن اس جوش و خروش سے نہیں منایا جاسکا لیکن ہم یہ دن احتیاط سے منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنی شان جسے ہم اجرک کہتے ہیں کو پہنیں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ سندھی قوم اپنے ثقافت پر فخر کرتی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سندھ اور دنیا میں رہنے والے سندھی عوام کو ثقافت کے دن کے مبارک باد پیش کی۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن اپنی ثقافت سے محبت اور دوسروں کی ثقافت کے احترام کا دن ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ سندھ دنیا کی خوبصورت تہذیب کا گہوارہ ہے، ہمیں فخر ہے کے ہم سندھ دھرتی پر پیدا ہوئے اور سندھوں تہذیب میں پروان چڑھے۔

انہوں نے کہا کہ آئیں آج کے دن اپنی زبان اور روایات کو اجاگر کرنے کا عہد کریں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی سندھی کلچر ڈے پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کی تہذیب ارضِ پاکستان کا تاج ہے، یوم ثقافت سندھ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔

دوسری جان وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے بھی سندھی ثقافت کے دن پر عوام کو مبارکباد دی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعلی آفس میں سندھی ثقافت کے دن کےموقع پر عثمان بزدار اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو سندھی اجرک پہنائی گئی۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کو سندھ کے معروف لوک گلوکار الن فقیر مرحوم کا پوٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے، ہماری سب ثقافتیں سانجھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت کا دن منا کر دلی خوشی ہوئی ہے اور سندھ میں بسنے والے ہمارے بہن بھائی ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں سندھ کی ثقافت کا دن منانے سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا-

علاوہ ازیں کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کی جانب سے سندھی زبان میں خصوصی پیغام جاری کیا گیا اور سندھی ثقافت کے دن کی مبارک باد دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024