• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'کاون' کمبوڈیا میں قیدی نہیں ہاتھی کی زندگی گزارے گا، امریکی گلوکارہ

شائع December 3, 2020
کاون کو 25 ہزار ایکڑ کے جنگل میں رکھا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز
کاون کو 25 ہزار ایکڑ کے جنگل میں رکھا گیا ہے—فوٹو: رائٹرز

امریکی گلوکارہ چیر نے کہا ہے کہ پاکستان سے کمبوڈیا منتقل ہونے والا ہاتھی 'کاون' اب ایک قیدی نہیں بلکہ ہاتھی کی طرح کی زندگی گزارے گا۔

دنیا کے 'تنہا ترین' ہاتھی قرار دیے جانے والے 'کاون' کو تین دن قبل 30 نومبر کو پاکستان سے کمبوڈیا منتقل کیا گیا تھا۔

'کاون' کو 29 نومبر کی شب کارگو جہاز میں روانہ کیا گیا تھا اور وہ 30 نومبر کی صبح کو ہی کمبوڈیا پہنچا تھا۔

'کاون' کی پاکستان سے روانگی سے تین دن قبل ہی گلوکارہ چیر پاکستان آئی تھیں اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی تھی۔

'کاون' کو پاکستان سے کمبوڈیا منتقل کرنے کی مہم میں گلوکارہ چیر نے اہم کردار ادا کیا اور وہ 2016 سے اسے پاکستان سے نکال کر دوسرے ملک کی مہم چلاتی دکھائی دیں۔

'کاون' کو اسلام آباد کے مرغزار چڑیا گھر میں قدرے تنگ جگہ اور پنجرے میں رکھا گیا تھا، جہاں ان کی حالت انتہائی خراب ہوچکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: 'کاون' کمبوڈیا روانگی کیلئے تیار

انتہائی تنگ اور ناقص حالات میں 'کاون' کو رکھے جانے کے بعد چیر سمیت جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اسے آزاد کرکے دوسرے ملک منتقل کرنے کی مہم چلائی تھی اور رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی 'کاون' کو آزاد کرکے دوسرے ملک بھیجنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

گلوکارہ چیر، کاون کی اسلام آباد سے روانگی کے وقت خوش دکھائی دیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
گلوکارہ چیر، کاون کی اسلام آباد سے روانگی کے وقت خوش دکھائی دیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

عدالتی احکامات کے بعد حکومتِ پاکستان نے ابتدائی طور پر 'کاون' کو واپس سری لنکا بھیجنے پر بھی غور کیا تھا تاہم بعد ازاں کمبوڈیا بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا اور 29 نومبر کو اسے روانہ کردیا گیا۔

کاون کو سری لنکا نے 1985 میں تحفے کے طور پر پاکستان کو دیا تھا اور اس وقت اس کی عمر محض ایک سال تھی۔

مزید پڑھیں: تنہا ترین ہاتھی قرار دیا جانے والا 'کاون' کمبوڈیا پہنچ گیا

'کاون' کو پاکستان سے کمبوڈیا منتقل کیے جانے کے اخراجات گلوکارہ چیر اور دیگر جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے برداشت کیے تھے اور اس کی آزادی کی خبر دنیا بھر کے میڈیا میں اہم خبر کے طور پر شائع ہوئی۔

اب 'کاون' کو جہاں رکھا گیا ہے وہ جنگل 25 ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور وہاں پر مجموعی طور پر 600 ہاتھی بھی موجود ہیں۔

کاون کو کنٹینر میں رکھ کر کارگو جہاز کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
کاون کو کنٹینر میں رکھ کر کارگو جہاز کے ذریعے منتقل کیا گیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

بہت بڑی اراضی کے جنگل میں 'کاون' کی منتقلی پر گلوکارہ چیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وہ ایک قیدی کی طرح نہیں بلکہ ایک جانور کی طرح زندگی گزارے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چیر نے 'کاون' کی کمبوڈیا منتقلی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہاتھی کو چند سال بعد دوبارہ دیکھنے آئیں گی۔

گلوکارہ چیر نے کمبوڈین زو حکام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے لوگ زیادہ محبت کرنے اور جانوروں کا خیال رکھنے والے ہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024