'آسکر' ایوارڈز تقریب ورچوئل نہیں ہر سال کی طرح ہوگی، انتظامیہ
فلمی دنیا کے سب سے معتبر فلمی ایوارڈ 'آسکر' دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال کی تقریب بھی ہر سال کی طرح منعقد کی جائے گی۔
کورونا کی وبا کے باعث خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر 'آسکر' ایوارڈز کی تقریب کو شاید ورچوئل منعقد کیا جائے گا، کیوں کہ تقریب کو وبا کی وجہ سے 2 ماہ بعد منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
رواں برس جون میں موشن پکچرز اور اے بی سی نیٹ ورک نے تصدیق کی تھی کہ کورونا کی وجہ سے 'آسکر' 2021 کی تقریب فروری کے بجائے اپریل میں منعقد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے باعث 'آسکر' ایوارڈز تقریب 2 ماہ تک مؤخر
اگرچہ 'آسکر' ایوارڈز کی تقریب گزشتہ 93 سالوں میں ماضی میں بھی کچھ وجوہات کی وجہ سے مؤخر کی جا چکی ہے، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ایوارڈ تقریب کو بیماری کے باعث مؤخر کیا گیا۔
ایوارڈز تقریب کو مؤخر کیے جانے کے بعد یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ شاید تقریب کو ورچوئل منعقد کیا جائے، لیکن اب انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ایوارڈز ایونٹ معمول کے مطابق ہوگا۔
شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق 'آسکر' دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک کے نمائندوں نے تصدیق کی ہے کہ تقریب کو معمول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
ایوارڈز تقریب کو ہر سال کی طرح ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ڈولبے تھیٹرز میں منعقد کیا جائے گا، جہاں 3400 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ تھیٹرز میں مکمل 3400 افراد کو ہی بٹھایا جائے گا یا پھر سماجی فاصلوں کے تحت کم افراد کو بٹھایا جائے گا۔
ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ایوارڈز انتظامیہ کیا کیا نئے انتظامات کرے گی، تاہم تھیٹر کے باہر اسکینرز نصب کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ نے یہ اُمید ظاہر کی کہ آئندہ سال اپریل تک کورونا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی ہوجائے گی اور تب تک سینما ہاؤس بھی کھل جائیں گے تاہم اگر سینما نہ کھلے تو بھی ایوارڈز تقریب معمول کے مطابق ہوگی۔
مزید پڑھیں: اس سال ریلیز نہ ہونے والی فلمیں بھی آسکر کے لیے نامزد ہوں گی
اس سال ایوارڈز تقریب 25 اپریل کو منعقد کی جائے گی اور ابھی تقریب کے میزبان کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اس سال 93 آسکرز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا جب کہ اکیڈمی 15 اپریل تک شارٹ لسٹ ہونے والی فلموں کی حتمی فہرست جاری کردے گی۔
اس سال آسکر ایوارڈز کے لیے غیر ملکی زبان یعنی انٹرنیشل فیچر فلم کی کیٹیگری کے لیے پاکستانی فلم زندگی تماشا کو منتخب کیا گیا ہے، پاکستانی فلم کا مقابلہ دنیا کی 150 سے زائد فلموں سے ہوگا۔