• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم کی عوام کو ترک ڈراما 'یونس امرے' دیکھنے کی تجویز

شائع December 1, 2020
ترک ڈرامے 'یونس امرے' کو پی ٹی وی پر 'راہ عشق' کے نام سے نشر کیا جارہا ہے—  فائل فوٹوز: ٹی آر ٹی/اے ایف ہی
ترک ڈرامے 'یونس امرے' کو پی ٹی وی پر 'راہ عشق' کے نام سے نشر کیا جارہا ہے— فائل فوٹوز: ٹی آر ٹی/اے ایف ہی

ترکی کے ڈرامے'دیریلیش ارطغرل' کو پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر اردو ترجمہ کرکے ’ارطغرل غازی’ کے نام سے نشر کیا جارہا ہے اور اس ڈرامے نے نشر ہوتے ہی پاکستانی عوام میں مقبولیت کے نئے ریکارڈز بنائے تھے۔

اسلامی فتوحات پر مبنی ڈرامے 'دیریلیش ارطغرل' کو وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی پر نشر کیا گیا اور ان دنوں اس ڈرامے کا دوسرا سیزن نشر کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان ہی کی خواہش پر پی ٹی وی پر ایک اور ترک ڈرامے 'یونس امرے' کو اردو زبان میں ترجمہ کرکے نشر کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی خواہش پر پی ٹی وی کا ایک اور ترک ڈراما نشر کرنے کا اعلان

پی ٹی وی ہوم پر 'یونس امرے' کو 'راہِ عشق' کے نام سے اردو زبان میں ترجمہ کرکے پیش کیا جارہا ہے۔

— فوٹو: ٹی آر ٹی
— فوٹو: ٹی آر ٹی

اور اب وزیراعظم عمران خان نے عوام کو تجویز دی ہے کہ وہ پی ٹی وی پر نشر ہونے والے اس ڈرامے کو دیکھیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صوفی ازم (معرفت) میں دلچسپی رکھنے والے تمام افراد کو میری پُرزور تجویز ہے کہ وہ پی ٹی وی پر دکھایا جانا والا ڈراما 'یونس امرے' دیکھیں۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے انکشاف کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ 'یونس امرے' کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کی دلی خواہش ہے کہ اسلامی تاریخ کی اہم شخصیت کی زندگی پر بنائے گئے ڈرامے 'یونس امرے'کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے تاکہ عوام اپنی تاریخ سے واقف ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ’دیریلیش ارطغرل‘ کے بعد وزیر اعظم ایک اور ڈرامے کو نشر کروانے کے خواہاں

جس کے بعد رواں برس نومبر میں پی ٹی وی کی جانب سے ڈرامے کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا تھا۔

ترک ڈرامے 'یونس امرے' کو پی ٹی وی پر 'راہ عشق' کے نام سے پیش کیا جارہا ہے اور یہ ڈراما ہفتے میں 2 دن نشر ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی وی کی جانب سے ڈرامے کا او ایس ٹی بھی جاری کیا گیا ہے جو بلھے شاہ کے کلام پر مبنی ہے اور اسے پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق نے گایا ہے۔

یونس امرے ایک سال سے بھی مختصر عرصے میں پاکستان کے سرکاری چینل پر نشر ہونے والا دوسرا ترک ڈراما ہے تاہم یہ ابھی 'ارطغرل غازی' جتنا مقبول نہیں ہوا، جس نے نشر ہوتے ہی عوام مقبولیت حاصل کرلی تھی۔

'یونس امرے' ڈرامے کو ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی ون نے بنایا تھا اور اس ڈرامے کا پہلا سیزن 2015 میں جب کہ دوسرا سیزن 2016 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 41 اقساط تھیں۔

مذکورہ ڈرامے کو بھی ترکی کے علاوہ دیگر اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر مشرق وسطیٰ میں کافی پسند کیا گیا جب کہ اسی ڈرامے کو پروڈکشن ہاؤس (ٹیلی وستان) اردو سب ٹائیٹلز کے ساتھ آن لائن ریلیز کر چکا ہے۔

مزید پڑھیں: ’دیریلیش ارطغرل‘ کی پہلی قسط نے ہی دھوم مچادی

'یونس امرے' ڈراما دراصل 13 ویں صدی کے ترک صوفی شاعر یونس امرے کی زندگی پر بنایا گیا ہے۔

— فوٹو: ٹی آر ٹی
— فوٹو: ٹی آر ٹی

یونس امرے سلطنت عثمانیہ سے 200 سال قبل پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اناطولیہ زبان، ادب و ثقافت پر گہرے اثرات چھوڑے، وہ عربی، فارسی و ترک زبان پر عبور رکھنے والے ایک شاعر کے گھر میں پیدا ہوئے، اس لیے ان کی شخصیت میں شاعری و ادب بچپن سے ہی رچا بسا تھا۔

یونس امرے کو ترکوں کے صوفی شاعر اور اہم ادبی اوائلی شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے اور ترک کی نئی نسل بھی ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔

انہی کی زندگی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے محمد بوزداغ نے ان کی زندگی پر 'یونس امرے' نامی ڈراما بنایا جو دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

ERUM SIDDIQUI Dec 02, 2020 10:12am
یک اور ترک ڈرامہ توزکوپران اردو ڈبنگ کے ساتھ نشر ہونا چاہیے۔تیر اندازی کے شوقین بچوں کی کہیانی ہے۔ بچوں کو ضرور دکھانا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024