• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ارب پتی ہونے کے باوجود جارج کلونی کا 25 سال سے اپنے بال خود بنانے کا انکشاف

شائع November 30, 2020
اداکار کے مطابق وہ 25 سال سے ایک مشین کے ذریعے بال بناتے آ رہے ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
اداکار کے مطابق وہ 25 سال سے ایک مشین کے ذریعے بال بناتے آ رہے ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

ارب پتی ہولی وڈ اداکار 59 سالہ جارج کلونی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے 2013 میں اپنے سات دوستوں کو فی کس 15 کروڑ روپے دیے تھے۔

اداکار نے بتایا تھا کہ انہوں نے اس وقت سائنس فکشن فلم 'گریوٹی' میں کام کیا تھا، جس کی ٹیم نے انہیں معاوضے کے طور پر فلم کی کمائی سے کچھ حصہ دینے کا معاہدہ کیا تھا اور اتفاق سے فلم سپر ہٹ ہوگئی تو انہیں بہت ساری رقم ملی تھی۔

اداکار نے بتایا تھا کہ بہت زیادہ رقم ملنے کے بعد انہوں نے اپنے قریبی 7 دوستوں کو ایک ویران جگہ پر بلا کر ہر ایک کو 10 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 15 کروڑ روپے نقد دیے تھے۔

اور اب اداکار نے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ 25 سال سے اپنے سر کے بال خود ہی بناتے اور کاٹتے ہیں۔

اداکار کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے—فوٹو: جی کیو میگزین
اداکار کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے—فوٹو: جی کیو میگزین

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جارج کلونی نے ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے اپنے سر کے بال خود ہی بناتے اور کاٹتے ہیں۔

جارج کلونی نے انکشاف کیا کہ ان کے بال بہت ہی گھنے، لمبے اور خشک ہیں، اس وجہ سے انہیں خود ہی اپنے بال کاٹنے اور بنانے میں مشکل پیش نہیں آتی۔

جارج کلونی نے بتایا کہ 25 سال قبل ہی انہوں نے سر کے بال بنانے والی مشین 'فلوبی' کا سیٹ خریدا تھا اور آج بھی وہ اسی مشین سے خود ہی اپنے بال بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جارج کلونی کا ہر ایک دوست کو 15 کروڑ روپے دینے کا اعتراف

اداکار نے بتایا کہ زیادہ تر انہیں سر کے بال بنانے میں 2 منٹ لگتے ہیں۔

ارب پتی اداکار کی جانب سے خود ہی اپنے بال بنانے کے انکشاف کے بعد کئی لوگ حیران رہ گئے اور بعض لوگوں کا خیال ہے کہ اداکار نے بال بنانے والی مشین 'فلوبی' کی فروخت بڑھانے کے لیے ایسا کہا ہے۔

جارج کلونی کی جانب سے مشین سے خود ہی اپنے بال کاٹنے کے بیان پر تاحال 'فلوبی' کی کمپنی نے کوئی بیان نہیں دیا تاہم زیادہ تر لوگوں کا خیال ہے کہ اداکار نے بیان مارکیٹنگ کے لحاظ سے دیا ہوگا۔

'فلوبی' ایک ایسی ہیئرکٹنگ مشین ہے، جسے ابتدائی طور پر 1985 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اسے کئی ہولی وڈ فلموں، امریکی و یورپی ڈراموں میں بھی دکھایا گیا ہے۔

حال ہی میں کورونا کی وبا کے باعث لاک ڈاؤن لگنے کی وجہ سے 'فلوبی' کی فروخت میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔

اسی وجہ سے کئی لوگ جارج کلونی کے بیان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ جارج کلونی نے 1978 میں باضابطہ طور پر اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ان کا شمار ہولی وڈ کی لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے دو آسکر ایوارڈز سمیت متعدد فلمی ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔

جارج کلونی کا شمار دنیا کے امیر ترین اداکاروں سمیت امیر شخصیات میں بھی ہوتا ہے، اندازے کے مطابق ان کی دولت 50 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔

اداکار نے برطانوی نژاد لبنانی وکیل امل سے 2014 میں شادی کی، جارج کلونی کی اہلیہ ان سے 17 سال چھوٹی ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق سفیر بھی رہ چکی ہیں۔

جارج کلونی اور امل نے 2014 میں شادی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی
جارج کلونی اور امل نے 2014 میں شادی کی—فائل فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024