• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

خالد خورشید ایڈووکیٹ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان منتخب

شائع November 30, 2020
منتخب وزیر اعلیٰ 2 دسمبر کو گورنر گلگت بلتستان سے عہدے کا حلف لیں گے — فوٹو: جاوید حسین
منتخب وزیر اعلیٰ 2 دسمبر کو گورنر گلگت بلتستان سے عہدے کا حلف لیں گے — فوٹو: جاوید حسین

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اُمیدوار خالد خورشید ایڈووکیٹ بھاری اکثریت کے ساتھ گلگت بلتستان کے پانچویں وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے۔

قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں 33 میں سے 31 ارکان نے رائے شماری میں حصہ لیا اور وزیر اعلیٰ کا انتخاب عمل میں آیا۔

انتخاب میں ضلع استور سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے 40 سالہ خالد خورشید ایڈووکیٹ کو گلگت بلتستان کا پانچواں وزیر اعلیٰ منتخب کر لیا، جنہوں نے رائے شماری میں تحریک انصاف کے 23 میں سے 22 ارکان کی حمایت حاصل کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رکن اسمبلی اور متحدہ اپوزیشن کے متفقہ اُمیدوار امجد حسین ایڈووکیٹ کو اپوزیشن کے تمام 9 اراکین کی حمایت ملی۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کیلئے خالد خورشید کے نام کا حتمی فیصلہ

منتخب وزیر اعلیٰ، 2 دسمبر کو گورنر گلگت بلتستان سے عہدے کا حلف لیں گے، وزیر اعظم عمران خان بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کو انتظامی صوبے کی حیثیت 2009 میں ملی جس سے پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ اور گورنر کے عہدے ملے اور پیپلز پارٹی کے سید مہدی شاہ کو پہلے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

اس کے بعد 2015 میں نگران وزیر اعلیٰ کا تقرر عمل میں لایا گیا اور اسی سال انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو اکثریت حاصل ہوئی اور حافظ حفیظ الرحمٰن وزیر اعلیٰ بنے۔

جون 2020 میں حکومتی مدت پوری ہونے کے بعد نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر کا عمل بھی ہوا، اب 15 نومبر 2020 کے انتخابات کے بعد خالد خورشید ایڈووکیٹ کو پانچویں وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کے لیے خالد خورشید کے نام کو حتمی شکل دے دی تھی۔

پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بتایا تھا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے لیے خالد خورشید کا نام فائنل کیا ہے'۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان اسمبلی: سید امجد زیدی اسپیکر، نذیر ایڈووکیٹ ڈپٹی اسپیکر منتخب

خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے ڈویژنل صدر خالد خورشید گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ 13 استور ون سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

خالد خورشید نے 2018 میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ 2015 کے انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لیا تھا اور سابق صوبائی وزیر فرمان علی سے شکست کھا گئے تھے، تاہم حالیہ انتخابات میں دونوں کا مقابلہ ہوا اور اس مرتبہ انہیں کامیابی حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024